اسلام آباد میں نیو انرجی وہیکل پالیسی کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان ماحولیاتی تبدیلیوں سے شدید متاثر ہے، حالانکہ گرین ہاؤس گیسز کے اخراج میں اس کا حصہ نہ ہونے کے برابر ہے۔
انہوں نے کہا کہ نئی انرجی پالیسی ماحول دوست ترقی کی جانب ایک اہم قدم ہے، لیکن موسمیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے عالمی برادری کو پاکستان کی بھرپور مدد کرنا ہوگی۔ شہباز شریف نے 2022 کے تباہ کن سیلاب کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو اس آفت سے 30 ارب ڈالر کا نقصان ہوا، جس میں خیبر پختونخوا سب سے زیادہ متاثر ہوا۔
وزیر اعظم نے برطانوی حکومت اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کا شکریہ ادا کیا اور اعلان کیا کہ نوجوانوں کو میرٹ پر ایک لاکھ لیپ ٹاپ دیے جائیں گے جبکہ الیکٹرک بائیکس کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔