بالی ووڈ کی معروف سپر اسٹار جوڑی شاہ رُخ خان اور دیپیکا پڈوکون کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق راجستھان کے شہر بھرت پور میں معروف کار برانڈ کے خلاف تکنیکی خرابیوں کے الزام میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جس میں بالی ووڈ اداکار شاہ رخ خان اور دپیکا پڈوکون کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔
مقدمہ مقامی وکیل کیرتی سنگھ نے دائر کیا، جنہوں نے 2022 میں 23.97 لاکھ بھارتی روپے کی کار خریدی تھی۔ ان کے مطابق کار میں چند ماہ بعد ہی سنگین تکنیکی خرابیاں سامنے آئیں، جو حادثات کا سبب بن سکتی تھیں۔
وکیل کا کہنا ہے کہ ڈیلرشپ نے تصدیق کی کہ مسئلہ مینوفیکچرنگ کا ہے اور اسے درست نہیں کیا جا سکتا۔
درج ایف آئی آر میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ گاڑی کی خریداری کا فیصلہ شاہ رخ اور دپیکا کے اشتہارات سے متاثر ہو کر کیا تھا، جو اشتہار میں گاڑی کو مکمل طور پر ’ٹربل فری‘ ظاہر کر رہے تھے۔ پولیس کے مطابق مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے.