دہشتگردوں کی ایک اور بزدلانہ کاروائی ،رات کی تاریکی میں کانسٹیبل رافید اللہ کے گھر پر حملہ ، کانسٹیبل رافید اللہ بہادری سے لڑتے ہوئے شہیدہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق رات گئے فتنۂ الخوارج کے 25 سے 30 دہشتگردوں نے رات کی تاریکی میں کانسٹیبل رافید اللہ کے گھر پر دھاوا بولا۔ اس موقع پر کانسٹیبل رافید اللہ گھر میں موجود تھے جنہوں نے ہتھیار ڈالنے کے بجائے دہشتگردوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور لڑتے لڑتے شہادت کے عظیم مرتبے پر فائز ہو گئے۔
پولیس نے فوری طور پر علاقے کو گھیرے میں لے کر دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کا آغاز کر دیا ہے۔ ڈی پی او بنوں سلیم عباس کلاچی خود آپریشن کو لیڈ کر رہے ہیں۔
ترجمان ریجنل پولیس آفیسر بنوں کے مطابق
شہید کانسٹیبل رافید اللہ کی نمازِ جنازہ پولیس لائن میں پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی گئی۔
پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہید کے سلامی پیش کی۔
افسران بالا نے شہید کے تابوت پر پھول چڑھائے اور ان کی عظیم قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کیا
نماز جنازہ میں ڈی آئی جی بنوں ریجن سجاد خان، ایس پی سی ٹی ڈی فضل واحد، ایس پی سٹی توحید خان، ایس پی انوسٹی گیشن ساجد ممتاز سمیت دیگر پولیس افسران واہلکاران اور شہید کے لواحقین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
اس موقع پر ڈی آئی جی بنوں ریجن سجاد خان نے کہا کہ شہید رافید اللہ ہمارا قیمتی اثاثہ تھے، جنہوں نے ملک و قوم کی خاطر اپنی جان قربان کی۔ انہوں نے دہشتگردوں کے سامنے ہتھیار ڈالنے کے بجائے لڑتے لڑتے جامِ شہادت نوش کیا، ہمیں ان کی قربانی پر فخر ہے۔