پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جنیداکبر نے چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔
جنید اکبر نے چیئرمین پی اے سی کے عہدے سے اپنا استعفیٰ چیف وہپ عامر ڈوگر کو بھجوا دیا۔ ذرائع کے مطابق جنید اکبر نے سیاسی کمیٹی کے اعلامیے کے بعد استعفیٰ پارٹی کو جمع کروایا، سیاسی کمیٹی نے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین کو استعفیٰ دینے کا کہا تھا۔
جنید اکبر نے اپنا استعفیٰ تحریک انصاف کے چیف وہپ کو بھجوانے کی تصدیق کی اور کہاکہ پی اے سی کی چیئرمین شپ سے استعفیٰ عامر ڈوگر کو جمع کروا دیا ہے اور پارٹی پالیسی کے مطابق اپنا استعفیٰ چیف وہپ کو جمع کروایا۔
تحریک انصاف کے ارکان پارلیمانی کمیٹیوں سےاستعفوں کے معاملے پر ابہام کا شکار
ان کا کہنا تھاکہ بانی پی ٹی آئی کو غلط بتایا گیا کہ میں پی اے سی سے مستعفی نہیں ہونا چاہتا، پی ٹی آئی سیاسی کمیٹی گروپ بندی کرے تو درست نہیں ہوگا۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر اور علی ظفر آج جوڈیشل کمیشن کی رکنیت سے استعفیٰ دیں گے تاہم بیرسٹر گوہر نے جوڈیشل کمیشن سے استعفے کی تردید کردی۔
اسی دوران ایم این اے ساجد خان، فیصل امین گنڈاپور، شاہد خٹک، ثنااللہ مستی خیل اور ایم این اے آصف خان مختلف قائمہ کمیٹیوں کی رکنیت سے مستعفی ہوگئے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان نے پارٹی کو ضمنی انتخابات کے بائیکاٹ اور قومی اسمبلی میں قائمہ کمیٹیوں سے مستعفی ہونے کی ہدایت کی تھی۔