0

پنجاب کے تین دریاؤں میں اونچے درجے کا سیلاب – خطرے کی گھنٹی بج گئی!

لاہور: پنجاب کے تین بڑے دریاؤں — چناب، راوی اور ستلج — میں شدید سیلاب نے تباہی مچا دی ہے۔ دریائے چناب میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بڑھ گئی ہے، خاص طور پر ہیڈ قادر آباد پر صورتحال انتہائی تشویشناک ہے جہاں پانی کا بہاؤ 10 لاکھ 54 ہزار کیوسک تک پہنچ چکا ہے۔

محکمہ موسمیات اور انتظامیہ نے چناب کنارے بسنے والے لوگوں کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی ہے۔ حفاظتی اقدامات کے طور پر دریائے چناب کے دو بند — منڈی بہاؤالدین اور علی پور چٹھہ کے قریب — توڑ دیے گئے تاکہ ہیڈ قادر آباد کو بچایا جا سکے۔

دوسری جانب ہیڈ خانکی اور ہیڈ مرالہ پر بھی پانی کی سطح بہت زیادہ بڑھ گئی ہے، جس سے کوٹ مومن اور چناب نگر میں سیلابی صورتحال شدت اختیار کر گئی ہے۔ پنڈی بھٹیاں کے کچا علاقوں میں 200 سے زائد گھر سیلابی پانی میں بہہ گئے۔

پاک فوج اور ریسکیو ادارے امدادی کاموں میں مصروف ہیں جبکہ لوگوں کو نشیبی علاقوں سے فوری انخلا کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ بدقسمتی سے سیلابی پانی میں تین بچے ڈوب گئے جن میں سے دو جاں بحق اور ایک کو بچا لیا گیا۔

انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور سیلابی علاقوں میں محتاط رہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں