پاکستانی اداکار و ماڈل خاقان شاہنواز کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت کی اصل جنگ ایک دوسرے سے نہیں بلکہ غربت اور موسمیاتی تبدیلی کے خلاف ہے۔
سوشل میڈیا ایپ انسٹاگرام پر اداکار نے ویڈیو پیغام شیئر کیا اور عوام پر زور دیا کہ حقیقی مسائل پر توجہ دیں۔
انہوں نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ چند ماہ قبل پاکستان اور بھارت کی جنگ کے دوران دونوں ممالک میمز بنا رہے تھے، بھارت والے کہہ رہے تھے ہم پاکستان کا پانی روک لیں گے تم لوگ نہاؤ گے کیسے؟ اِدھر پاکستانی کہہ رہے تھے مون سون آنے دو بھارت سے پانی کے ساتھ اور بھی بہت کچھ آئے گا۔
اداکار نے مزید کہا کہ پھر وہی ہوا مون سون آیا، اتنی تباہی ہوئی کہ دونوں ممالک کو لینے کے دینے پڑ گئے۔
خاقان شاہنواز کا کہنا تھا کہ یہاں سمجھنے کی بات یہ ہے کہ پاکستان اور بھارت کی اصل جنگ ایک دوسرے سے نہیں بلکہ غربت کے ساتھ ہے اور آنے والے دنوں میں موسمیاتی تبدیلی کے خلاف ہوگی۔
انہوں نے مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ بجائے اس کے ہم ایک دوسرے کے خلاف میمز بنائیں، ایک دوسرے کے مذہب یا ملک کے خلاف باتیں کریں، مل کر بیٹھیں اور موسمیاتی تبدیلی کا حل نکالیں، نہیں تو 10 سالوں بعد نہ بھارت باقی رہے گا نہ پاکستان صرف انٹرنیٹ پر میمز باقی رہیں گی.