معروف پاکستانی اداکارہ و ماڈل سائرہ یوسف نے انکشاف کیا ہے کہ سابق شوہر شہروز سبزواری کے ساتھ بیٹی نوریح کی پرورش کے دوران انہیں اپنی انا کو قربان کرنا پڑا۔
یہ بات انہوں نے حال ہی میں صنم جنگ کے پوڈکاسٹ میں گفتگو کے دوران کہی۔ سائرہ کا کہنا تھا کہ علیحدگی کے باوجود بطور والدین مشترکہ طور پر بچے کی پرورش جسمانی اور ذہنی مضبوطی کا تقاضا کرتی ہے، اور اس تجربے نے انہیں اپنی ذات سے بالاتر ہوکر سوچنا سکھایا۔
پروگرام کے دوران سائرہ یوسف سے وائرل ویلنٹائن ڈے تصویر پر بھی سوال کیا گیا، جس میں وہ اپنی بیٹی نوریح، شہروز اور صدف کنول کی بیٹی زہرا، اور اپنی بھتیجی کے ساتھ خوشگوار موڈ میں نظر آئیں۔ اس تصویر پر مداحوں نے سائرہ کے مثبت رویے کو سراہا تھا۔ سائرہ نے اس حوالے سے کہا کہ “زہرا، نوریح کی بہن ہے، اور جب بات نوریح کی ہو تو میں خود سے متعلق نہیں سوچتی۔”
واضح رہے کہ سائرہ اور شہروز کی شادی 2012 میں ہوئی تھی اور 2020 میں طلاق ہوگئی، جس کے بعد شہروز نے ماڈل صدف کنول سے شادی کی، اور ان کے ہاں بیٹی زہرا کی پیدائش ہوئی.