پشاور:خیبرپختونخوا میں شدید بارشوں سے ایک بار پھر معمولات زندگی درہم برہم ہوگئے جبکہ چھتیں گرنے کے واقعات میں ایک بچی جاں بحق اور ایک شخص زخمی ہوگیا۔
پشاور میں نحقی چارسدہ روڈ پر گھر کی چھت گرنے سے کمسن بچی ملبے تلے دب کر جاں بحق ہوگئی۔ ریسکیو 1122 کے مطابق اطلاع ملتے ہی اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر بچی کو ملبے سے نکال کر اسپتال منتقل کیا جہاں ڈاکٹرز نے جاں بحق ہونے کی تصدیق کر دی۔
پشاور ہی کے علاقے فقیر کلے ورسک روڈ پر کمرے کی دیوار گرنے سے 30 سالہ محمد طفیل زخمی ہوگیا جسے ریسکیو ٹیم نے ابتدائی طبی امداد کے بعد لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کردیا۔
خیبر میں طوفانی بارش کے باعث باڑہ، جمرود اور گردونواح میں گھروں اور دکانوں میں پانی داخل ہوگیا۔ ریسکیو 1122 خیبر کی ٹیموں نے ہیوی مشینری اور ڈی واٹرنگ پمپ کے ذریعے مختلف مقامات پر نکاسی آب کا عمل شروع کر دیا۔ پانی خاص طور پر غزیز مارکیٹ اور اطراف کے گھروں میں داخل ہوا جس کے بعد فوری کارروائی کی گئی۔
دیر لوئر کے مختلف علاقوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی جس سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور موسم خوشگوار ہوگیا۔ ٹانک شہر ومضافاتی علاقوں میں بھی شدید ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے جس سے نقصان کا اندیشہ ہے۔
ادھر ملاکنڈ میں سوات ایکسپریس وے پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ٹریفک دوسرے روز بھی معطل رہی، جس سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ حکام نے شہریوں کو جی ٹی روڈ استعمال کرنے کی ہدایت کی ہے۔