امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت کا دورہ منسوخ کر دیا۔
امریکی اخبار کا کہنا ہے کہ بھارت امریکا تجارتی کشیدگی کے تناظر میں صدر ٹرمپ نے بھارت کا دورہ منسوخ کیا۔
امریکی صدر ٹرمپ کے سفری شیڈول سے آگاہ افراد کے حوالے سے امریکی اخبار نے کہا کہ صدر ٹرمپ کا اس سال بھارت کا دورہ کرنے کا ارادہ نہیں ہے۔
امریکی اخبار کے دعوے پر امریکی اور بھارتی حکام کی طرف سے تصدیق یا تردید نہیں کی گئی۔
بھارتی مصنوعات پر امریکاکے 25 فیصد اضافی ٹیرف کا اطلاق، مجموعی شرح 50 فیصدہوگئی
صدر ٹرمپ کا رواں برس کواڈ اجلاس میں شرکت کے لیے بھارت کا دورہ طے تھا، امریکا، بھارت، جاپان، آسٹریلیا چار ملکی اتحاد کے وزرائے خارجہ کا اجلاس اس سال جنوری میں امریکا میں ہوا تھا۔
واضح رہے کہ گزشتہ چند ماہ سے امریکا اور بھارت کے تعلقات میں سرد مہری ہے، بھارت کی جانب سے امریکا کے ساتھ تجارتی ڈیل فائنل نہ کرنے کا بعد امریکی صدر ٹرمپ نے بھارت پرٹیرف 50 فیصد کردیا جب کہ ٹرمپ وقتاً فوقتاً پاک بھارت جنگ میں اپنے کردار کا ذکر کرتے رہتے ہیں جس سے بھارت انکاری ہے.