0

پاک چین دوستی ہر آزمائش پر پوری اتری ہے، ہم تاریخی و ثقافتی اعتبار سے ایک دوسرے سے جڑے ہیں: وزیراعظم

تیانجن: وزیراعظم شہباز شریف نے چین کی تیانجن یونیورسٹی کا دورہ کیا اور وہاں زیر تعلیم پاکستان طلبا سے ملاقات بھی کی۔

چین کی تیانجن یونیورسٹی کی فیکلٹی اور طلبا سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ 200 سے زائد پاکستانی طلبہ تیانجن یونیورسٹی میں زیر تعلیم ہیں جبکہ کل 30 ہزار کے قریب پاکستانی طلبا چین کے مختلف تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم ہیں، چین میں زیر تعلیم پاکستانی طلبا ملک کے سفیر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ طلبا جدید تحقیق و عصری تعلیم اور فنی مہارتوں سے استفادہ کر رہے ہیں، ووکیشنل ٹریننگ وقت کا تقاضا ہے جبکہ 600 پاکستانی زرعی گریجویٹ نے بھی چین میں اپنی تربیت مکمل کر لی ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاک چین دوستی باہمی اعتماد، احترام اور پرخلوص محبت کی بنیاد پر قائم ہے، یہ دوستی ہر آزمائش پر پوری اتری ہے، پاکستان اور چین تاریخی اور ثقافتی اعتبار سے ایک دوسرے سے جڑے ہیں، پاکستان مسلم دنیا کا پہلا ملک تھا جس نے عوامی جمہوریہ چین کو تسلیم کیا۔

انہوں نے کہا کہ چین نے جس طرح اپنے لوگوں کو غربت سے نکالا وہ دنیا کیلئے ایک مثال ہے، چین آج دنیا کی ایک بڑی معاشی و فوجی طاقت ہے، صدر شی جن پنگ کے مشترکہ خوشحالی کے وژن نے دنیا کو اپنا گرویدہ کرلیا ہے، شاعر مشرق علامہ محمد اقبال نے بھی ایک صدی قبل چین کی ترقی کی پیشگوئی کی تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں