چلاس:گلگت بلتستان حکومت کا ہیلی کاپٹر چلاس تھور کے مقام پر کریش کر گیا جس میں پانچ افراد شہید ہوگئے۔
ترجمان حکومت گلگت بلتستان فیض اللہ فراق کے مطابق ہمارا ایک ہیلی کاپٹر چلاس تھور کے مقام پر کریش ہوگیا ہے، ہیلی کاپٹر فنی خرابی کے باعث لینڈ کرنے کے بعد پھر کریش کر گیا۔
فیض اللہ فراق نے بتایا کہ ہیلی کاپٹر میں 2 پائلٹ اور 3 ٹیکنیکل اسٹاف سوار تھے، ہیلی کاپٹر سے آگ بجھانے کی کوشش جاری ہے۔
وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو موقع پر پہنچنے کی ہدایت کی ہے۔ ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ افراد موقع پر پہنچ رہے ہیں۔
کمانڈر ایف سی این، ڈی جی گلگت بلتستان اسکاؤٹس، کمشنر دیامر سمیت عوام کی بڑی تعداد موقع پر پہنچ چکی ہے۔ذرائع کےمطابق ہڈر کے مقام پر پاک فوج کا 17-MI ہیلی کاپٹر فنی خرابی کے باعث حادثے کا شکار ہو گیا۔
ہیلی کاپٹر معمول کی پرواز پر تھا اور اچانک تکنیکی مسئلے کے باعث حادثے کا شکار ہوا۔حادثے کے بعد ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کیں گیں۔
ہیلی کاپٹر میں دو پائلٹس سمیت عملے کے پانچ افراد سوار تھے جو کہ تمام شہید ہو گئے ۔