دبئی کی آبادی نے تاریخ کا نیا ریکارڈ قائم کر دیا ہے اور شہر میں بسنے والے افراد کی تعداد 40 لاکھ تک پہنچ گئی ہے۔
دبئی ڈیٹا اینڈ اسٹیٹسٹکس اسٹیبلشمنٹ کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق 1975 میں دبئی کی کل آبادی صرف ایک لاکھ 87 ہزار تھی۔ وقت گزرنے کے ساتھ یہ تعداد تیزی سے بڑھی اور 2011 میں 20 لاکھ تک جا پہنچی، جب کہ 2025 میں یہ بڑھ کر 40 لاکھ ہو گئی۔ اندازہ لگایا جا رہا ہے کہ یہی رفتار برقرار رہی تو 2032 تک دبئی کی آبادی 50 لاکھ اور 2039 تک 60 لاکھ تک پہنچ سکتی ہے۔
ماہرینِ معیشت کے مطابق دبئی دنیا بھر کے سرمایہ کاروں، پروفیشنلز، کروڑ پتی اور ارب پتی افراد کے لیے کشش کا مرکز بن چکا ہے۔ اسی وجہ سے آبادی میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ تاہم بڑھتی ہوئی آبادی سے رہائش، تعلیم، صحت اور پبلک ٹرانسپورٹ کے شعبوں پر دباؤ بھی بڑھے گا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ زیادہ آبادی کے نتیجے میں مہنگائی میں اضافہ، ٹریفک جام کی صورتحال اور نئی ہاؤسنگ سوسائٹیز کے قیام کے امکانات بڑھ سکتے ہیں۔ اس بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کرنے کے لیے دبئی میں ٹرانسپورٹ کے بڑے منصوبے، خصوصاً میٹرو بلیو لائن اور نئے ریٹیل پروجیکٹس، اہم کردار ادا کریں گے.