سعودی عرب کے کنگ سلمان ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر کی طرف سے پنجاب کے 7 اضلاع کے سیلاب متاثرین کے لئے امدادی سامان کے 5 ٹرک پہنچادیے گئے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی موجودگی میں سعودی سفیر سعید بن نواف المالکی نے امدادی سامان کے پانچ ٹرک پی ڈی ایم اے کے سپرد کیے۔
کنگ سلمان ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر کی طرف سے امدادی سامان 10,000 شیلٹر کٹس اور 10,000 فوڈ پیکجز پر مشتمل ہے، سیلاب متاثرین کو خیمے، سولر پینلز، ایل ای ڈی، کچن سیٹ، کمبل اور دیگر اشیا کا تحفہ دیا گیا ہے۔
قصور ۔ جھنگ۔ خانیوال ،حافظ اباد۔ چنیوٹ۔ ملتان اور ٹوبہ ٹیک سنگھ کے سیلاب متاثرین کو امدادی سامان دیا جائے گا۔
کنگ سلمان ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر کی طرف سے پنجاب میں سیلاب متاثرین کے لیے امدادی قافلہ روانہ کردیا گیا۔
شیلٹر کٹ میں خیمہ، سولر پینل، ایل ای ڈی لائٹس، دو تھرمل کمبل، پلاسٹک میٹ، پائیدار کچن سیٹ، واٹر کولر اور اینٹی بیکٹیریل صابن ہے، اس کے علاوہ 95 کلوگرام فوڈ پیکچ میں آٹا، چینی، دال چنا اور کوکنگ آئل شامل ہے۔
امدادی سامان پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی پنجاب اور کنگ سلمان ریلیف اور حیات فاؤنڈیشن کے اشتراک سے تقسیم کیا جائے گا۔
مریم نواز نے کہا کہ سیلاب زدگان کے لئے امدادی سامان سعودی عرب کی پاکستان کے ساتھ اخوت اور بھائی چارے کے تسلسل کی عکاسی کرتا ہے۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف سے سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی نے ملاقات کی جس کے دوران باہمی تعلقات، سیلاب متاثرین کی امداد، اقتصادی تعاون اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
مریم نواز نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو خراج تحسین کیا اور کہا کہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی قیادت امت مسلمہ کے لیے مشعلِ راہ ہے-
مریم نواز نے کہا کہ سعودی قیادت کا وژن، ہمدردی اور بصیرت مسلم امہ کو وحدت اور ترقی کی طرف لے جا رہی ہے، پنجاب میں شدید سیلاب کے دوران سعودی عرب کی بروقت امداد حقیقی بھائی چارے کی علامت ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ سعودی عرب کی جانب سے 10 ہزار فوڈ باسکٹ اور 10 ہزار شیلٹر/کیمپ کی فراہمی پر شکر گزار ہیں، سعودی تعاون متاثرہ خاندانوں کے لیے ریلیف اور ہمیشہ یکجہتی کی علامت کے طور پر یاد رکھا جائے گا، سیلابی صورتحال نے پھر سے ثابت کیا کہ پاک سعودی تعلقات اسٹریٹجک نہیں بلکہ حقیقی اخوت و بھائی چارے پر استوار ہیں۔
تقریب میں کنٹری ڈائریکٹر عبداللہ البقمی، صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی پنجاب کے حکام نے شرکت کی۔