بیجنگ میں قائم پاکستانی سفارتخانے میں یومِ دفاع و شہدا عقیدت و احترام سے منایا گیا۔
اس موقع پر پرچم کشائی کی ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں سفارتخانے کے افسران، چین میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے افراد اور میڈیا نمائندگان نے شرکت کی۔
تقریب کے دوران چین میں پاکستانی سفیر خلیل ہاشمی نے قومی ترانے کی دھن پر قومی پرچم بلند کیا۔
اپنے خطاب میں سفیر پاکستان خلیل ہاشمی نے مادرِ وطن کے ان بہادر سپوتوں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا جنہوں نے دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا اور وطنِ عزیز کا دفاع بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت سے کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاک افواج کی وطن سے وابستگی اور قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے پاک افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، نظم و ضبط اور شجاعت کو سراہا۔
سفیر پاکستان نے پاکستان اور چین کے مابین مضبوط تعلقات اور خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔