0

بلاول بھٹو کا زرعی ایمرجنسی لگانے، سیلاب متاثرہ علاقوں میں کسانوں کے بجلی کے بل معاف کرنے کا مطالبہ

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ملک میں زرعی ایمرجنسی لگانے اور سیلاب متاثرہ علاقوں میں کسانوں کے بجلی کے بل معاف کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

پنجاب کے ضلع مظفرگڑھ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لاہور اور قصور کے بعد آج مظفرگڑھ میں، میں اپنی آنکھوں سے دیکھ رہا ہوں کہ لوگ کن مشکلات سے گزر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس سیلاب میں سب سے زیادہ نقصان ہماری زرعی معیشت اور کسان بھائیوں کا ہوا ہے، اس مشکل وقت میں ہم سب پر یہ ذمہ داری ہے کہ ہم اپنے سیلاب متاثرین لوگوں کا ساتھ دیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ کسی بھی قدرتی آفت اور غربت کا مقابلہ کرنے کیلئے ہمارے پاس سب سے مؤثر انداز میں مدد پہنچانے کیلئے بینظیر اِنکم سپورٹ پروگرام موجود ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ یہ ہی وجہ ہے کہ میں نے وزیراعظم صاحب کو درخواست کی ہے کہ بینظیر اِنکم سپورٹ کے ذریعے سیلاب متاثرین میں امداد کی تقسیم جلد شروع کی جائے۔

بلاول بھٹو نے حکومت سے زرعی ایمرجنسی نافذ کرنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ کسانوں کے بجلی کے بل معاف کیے جائیں اور کسانوں کو بیچ اور کھاد کی فراہم یقینی بنائی جائے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کو صوبائی حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنا ہوگا، یہ سیاسی بیان بازی کا موقع نہیں ہے، مستحق متاثرین تک صحیح امداد پہنچنے کا ذریعہ بینظیرانکم سپورٹ پروگرام ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں