دوحہ میں ہونے والے حملے کے بعد وزیر اعظم نے امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ہنگامی رابطہ کیا اور پاکستان کی مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور دوحہ میں اسرائیلی بمباری کی شدید مذمت کی۔
وزیراعظم نے اسرائیلی حملے میں قیمتی جانوں کے ضیاع اور املاک کے نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے امیرِ قطر اور عوام سے گہری ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ اسرائیلی حملہ قطر کی خودمختاری اور سالمیت کی کھلی خلاف ورزی ہے، اسرائیل کے مذموم عزائم خطے کے امن و استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔
انہوں نے امیر قطر کو یقین دہانی کرائی کہ پاکستان اسرائیلی جارحیت کے خلاف قطر کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑا ہے، اس نازک وقت میں امتِ مسلمہ کو اتحاد پر زور دیا۔
امیرِ قطر نے رابطہ کرنے اور اظہار یکجہتی پر وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا جبکہ دونوں رہنماؤں نے رابطے میں رہنے اور خطے کے امن کے لیے تعاون جاری رکھنے پر اتفاق بھی کیا۔