0

عمران خان کے خلاف کوئی بھی کیس ایسا نہیں جس میں شواہد ہوں، علیمہ خان

بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان نے کہا ہے کہ ‎‎عمران خان کے خلاف ‎‎کوئی بھی کیس ایسا نہیں جس میں شواہد ہوں، جب یہ مقدمات ہائیکورٹ میں جائیں گے، سب نظر آجائے گا۔

عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ آج ہم توشہ خانہ کیس میں اڈیالہ جیل جارہے ہیں، کل اسلام آباد ہائیکورٹ جا کر بیٹھ جائینگے، ‎‎کل ہم اسلام آباد ہائی کورٹ میں جج ڈوگر صاحب کو بولیں گے کہ القادر کیس لگایا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ 6 ماہ ہوگئے ہیں القادر کیس کو جج صاحب سننے کو تیار نہیں، ان کو معلوم ہے جیسے ہی کیس لگے گا، ان کی مجبوری ضمانت دینا ہے۔

علیمہ خان نے کہا کہ ‎‎آج اڈیالہ جیل میں جج صاحب کے حکم پر ہماری ملاقات ہوگی، انتظامیہ کی مجبوری ہے ہماری ملاقات کروانا، ‎‎توشہ خانہ ٹو کیس کی جلدی میں سماعت کر رہے ہیں کہ عمران خان اور بشری بی بی کو سزا مل سکے، ‎‎کوئی بھی کیس ایسا نہیں جس میں شواہد ہوں جب یہ مقدمات ہائیکورٹ میں جائینگے، سب نظر آ جائے گا۔

قبل ازیں اے ٹی سی کورٹ راولپنڈی میں علیمہ خان کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی، ‎‎سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے کی۔

عدالت نے آئندہ تاریخ پر فریقین کے وکلا کو دلائل دینے اور پولیس کو ریکارڈ پیش کرنیکا حکم دیا۔

درخواست ضمانتوں پر سماعت اٹھارہ ستمبر تک ملتوی کردی گئی، علیمہ خان 26 نومبر ڈی چوک احتجاج، تھانہ صادق آباد کے مقدمے میں نامزد ہیں۔

نعیم حیدر پنجوتھہ کی عبوری ضمانت میں بھی 18 ستمبر تک توسیع کردی گئی۔

علیمہ خان کے وکیل فیصل ملک نے اے ٹی سی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ آج ہم پوری تیاری کے ساتھ عدالت میں گئے تھے مگر عدالت نے اٹھارہ ستمبر تک سماعت ملتوی کر دی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں علیمہ خان کی سخت ہدایات تھیں کہ میرے مقدمات میں بحث کی جائے، یہ بے بنیاد اور بوگس مقدمات ہیں، ہماری تیاری مکمل تھی مگر تاریخ پڑ گئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں