ٹک ٹاکر سامعہ حجاب کے اغوا و دھمکیوں کے کیس میں ملزم حسن زاہد کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل کر دیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں ٹک ٹاکر سامعہ حجاب کے مبینہ اغوا اور دھمکیوں سے متعلق مقدمے کی سماعت ہوئی۔ جوڈیشل مجسٹریٹ یاسر محمود چوہدری کی عدالت میں نامزد ملزم حسن زاہد کو پیش کیا گیا۔
عدالت نے اغوا کے مقدمے میں پولیس کی 8 روزہ جسمانی ریمانڈ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے ملزم کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دیا۔ تاہم دھمکیاں دینے اور نقدی چھیننے کے مقدمے میں پولیس کی درخواست پر 2 دن کا جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق ملزم سے موبائل فون، وی 8 گاڑی اور اسلحہ برآمد کرنا باقی ہے جبکہ حسن زاہد کی نشاندہی پر دیگر ملزمان کی گرفتاری بھی عمل میں لانی ہے۔ پولیس کے مطابق حسن زاہد کے خلاف تھانہ شالیمار میں دو مقدمات درج ہیں۔
دوسری جانب وکیلِ صفائی نے عدالت کو بتایا کہ حسن زاہد اور سامعہ حجاب کی منگنی ہو چکی ہے اور واقع کے وقت ملزم ایک ریسٹ ہاؤس میں موجود تھا اس لیے اس پر دوسرا مقدمہ بے بنیاد ہے۔ عدالت نے دونوں مقدمات میں مزید تفتیش جاری رکھنے کی ہدایت کردی۔
یاد رہے کہ ملزم حسن زاہد پر ٹک ٹاکر کو گھر کے باہر سے اغوا کرنے کی کوشش کا الزام ہے.