لاہور کی چھوٹی مارکیٹوں میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 2 ہزار روپے تک پہنچ گئی۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق 20 کلو آٹے کے تھیلے کا سرکاری نرخ 1810 روپے مقرر کیا گیا ہے، لیکن اس کے باوجود 20 کلو آٹے کا تھیلا 2 ہزار روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق اسی طرح چکی کا آٹا بھی 130 روپے سے 150 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہا ہے۔
دوسری جانب کوئٹہ میں آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 2300 روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے۔
وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے آج لاہور میں پریس کا نفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ گندم اور آٹے کی قیمتوں میں اضافہ برداشت نہیں کیا جائے گا اور سرکاری نرخ پر ہر صورت عمل درآمد کروایا جائے گا، جن دکانداروں نے سرکاری نرخ آویزاں نہیں کیے ہوں گے ان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
واضح رہے گزشتہ ہفتے آٹے کے 20 کلو کے تھیلےکی قیمت میں 3 سو روپےکا اضافہ ہوا تھا۔