دبئی: پاکستان ٹیم نے بھارت کے خلاف میچ میں فخر زمان کے متنازع آؤٹ پر آئی سی سی سے ٹی وی امپائر کی شکایت کردی۔
ایشیا کپ میں گزشتہ روز ہونے والے پاک بھارت میچ میں ٹی وی امپائر کی جانب سے فخر زمان کامتنازع آوٹ دیا گیا جس پر پاکستان کرکٹ ٹیم کے منیجر نوید اکرم چیمہ نے میچ کے بعد اپنے تحفظات سے میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کو آگاہ کیا۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ میچ کے بعدکپتان کی میچ رپورٹ میں بھی پاکستانی ٹیم انتظامیہ نے متنازع فیصلے کا ہائی لائٹ کیا ہے جب کہ آئی سی سی کے امپائرز اور منیجرکو بھی ٹیم انتظامیہ نے اپنے تحفظات ظاہر کرتے ہوئے باضابطہ شکایت کردی ہے۔
ذرائع کے مطابق اہم ترین میچ میں غیر معروف اور نا تجربہ کار ٹی وی امپائر کا تقرر کیا گیا، افغانستان سے تعلق رکھنے والےامپائرعزت اللہ صفی نے فخر زمان کو متنازع انداز میں کاٹ بی ہائینڈ قرار دیا تھا، فیصلے سے میچ میں پاکستانی ٹیم کی پوزیشن متاثر ہوئی۔
اس حوالے سے پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا نے پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ فخر زمان کا آؤٹ شاید غلط تھا مگر امپائرز ہی فیصلہ کرتے ہیں، ہمیں لگا گیند زمین پر لگی مگر فیصلہ امپائر کا ہی ہوتا ہے۔
واضح رہے کہ فخر15رنز پر آوٹ قرار دیے گئےاس وقت پاکستان کا اسکور 21رنز تھاجب کہ واپس جاکرڈریسنگ روم میں فخر زمان اور ہیڈ کوچ نے فیصلے پر ناراضی کا اظہار کیا تھا۔