راولپنڈی:تھانہ پیرودھائی کے علاقے فوجی کالونی میں گھر کی چھت سے 15 سالہ لڑکے کی لاش ملی، جسے تیز دھار آلے کے وار سے قتل کیا گیا۔
سی پی او سید خالد ہمدانی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی راول سے رپورٹ طلب کر لی اور ملوث ملزم کی فوری گرفتاری کا حکم دے دیا۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق لڑکے کی لاش گھر کی تیسری منزل کی چھت سے ملی جس کی شناخت حسن خان کے نام سے کی گئی، تعلق فوجی کالونی سے ہے۔
پولیس کے مطابق لاش پر تشدد اور گلے پر چھری کے وار کے زخم موجود ہیں، لاش پوسٹمارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دی گئی۔ بظاہر گلے پر چھری کے وار کرکے قتل کیا گیا، موت کی وجہ کا تعین پوسٹمارٹم رپورٹ کے بعد کیا جائے گا۔
پیر ودھائی پولیس نے موقع سے شواہد اکٹھے کیے ہیں، تمام زاویوں پر تحقیقات کرتے ہوئے قتل کے محرکات کی تحقیقات جاری ہیں۔
راولپنڈی پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے میں ملوث ملزم قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتا، ملزم کو گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔