راولپنڈی میں ڈینگی مچھر بے قابو ہوگئے ہیں اور مریضوں کی تعداد بہت بڑھ گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران راولپنڈی میں ڈینگی کے مزید 29 نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔
ضلع میں اب تک ڈینگی کے 709 مریض کنفرم ہوئے ہیں جبکہ اس وقت اسپتالوں میں 61 مریض زیرِ علاج ہیں۔ راولپنڈی میں ڈینگی سے کوئی اموات ریکاڈ نہیں ہوئی۔
ضلعی انتظامیہ کی 1499 ٹیمیں روزانہ سرویلنس میں مصروف ہیں۔ 54 لاکھ سے زائد گھروں کی چیکنگ، ایک لاکھ 64 ہزار گھروں سے ڈینگی لاروا مثبت آئے ہیں۔
علاوہ ازیں 14 لاکھ سے زائد مقامات کی چیکنگ، 22 ہزار سے زائد جگہوں پر لاروا کی موجودگی کا انکشاف ہوا اور ڈینگی ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 4330 ایف آئی آر درج کی گئیں۔ 1834 عمارتیں سیل، 10 کروڑ 72 لاکھ روپے سے زائد کے جرمانے بھی کیے گئے۔
محکمہ ہیلتھ راولپنڈی نے بتایا کہ ڈینگی کے گزشتہ 24 گھنٹوں میں رپورٹ ہونے والے علاقوں میں سیٹلائیٹ ٹاؤن ڈی بلاک، امر پورہ، دھمیال، گنگال، تخت پری، ڈھوک منشی، سی ، ڈھوک کھبہ، لکھن، نیو کٹاریاں سمیت سیٹلائٹ ٹاؤن ایف بلاک شامل ہیں۔