چینی سائنس دانوں نے مکمل سپر کنڈکٹنگ مقناطیس کا استعمال کرتے ہوئے 3 لاکھ 51 ہزار گوس (gauss) کی مقناطیسی فیلڈ بنا کر نیا عالمی ریکارڈ بنا دیا۔
سائنس دانوں کے مطابق یہ کامیابی جدید سپرکنڈکٹنگ سائنسی آلات کو کمرشل میدان میں مزید آگے لے کر جائے گی۔
یہ کامیابی تکنیکی اعتبار سے متعدد جدید شعبوں میں سپورٹ فراہم کرے گی جس میں فیوژن مقناطیسی نظام، اسپیس الیکٹرومیگنیٹک پروپلژن، سپرکنڈکٹنگ انڈکشن ہیٹنگ، میگنیٹک لیویٹیشن اور ایفیشنٹ پاور ٹرانسمیشن شامل ہیں۔
یہ مقناطیس ہیفائی میں موجود چائنیز اکیڈمی آف سائنسز کے انسٹیٹیوٹ آف پلازما فزکس نے ہیفائی انٹرنیشنل اپلائیڈ سپر کنڈکٹیویٹی سینٹر، ہیفائی کمپریہنسو نیشنل سائنس سینٹر کے انسٹیٹیوٹ آف انرجی اور سِنگھوا یونیورسٹی کے اشتراک سے تیار کیا۔
زمین اپنے آپ میں ایک بہت بڑا مقناطیس ہے، جو 0.5 گوس کی جیومیگنیٹک فیلڈ بناتی ہے۔ لیکن سائنس دانوں نے زمین کی جیو میگنیٹک فیلڈ سے 7 لاکھ گُنا سے زیادہ طاقت ور فیلڈ بنائی اور 3 لاکھ 23 ہزار 500 گوس کا ریکارڈ بھی توڑا۔
واضح رہے سپر کنڈکٹنگ مقناطیس سپر کنڈکٹنگ مٹیریلز لپیٹ کر بنائے جاتے ہیں اور یہ انتہائی طاقتور مقناطیسی فیلڈ بناتے ہیں۔