0

پشاور میں گزشتہ روز دھماکے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکار کی نماز جنازہ ادا

پشاور:گزشتہ شب تھانہ بھانہ ماڑی کی حدود گڑھی قمر دین میں بارودی مواد دھماکے میں زخمی اور بعد ازاں ایل آر ایچ اسپتال میں جامِ شہادت نوش کرنے والے پولیس اہلکار محمد سجاد کی نماز جنازہ آج ملک سعد شہید پولیس لائن میں پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی گئی۔

نماز جنازہ میں قائم مقام آئی جی خیبرپختونخوا پولیس محمد علی بابا خیل، سی سی پی او پشاور ڈاکٹر میاں سعید احمد، ایس ایس پی آپریشنز مسعود احمد، فوجی افسران، ایس ایس پی کوارڈی نیشن خالد خان، ایس پی ہیڈکوارٹرز علی گوہر، سی ٹی ڈی آفیسرز، ڈویژنل ایس پیز، ایس ڈی پی اوز، پولیس افسران، اہلکاروں اور شہید کے لواحقین نے شرکت کی۔

اس موقع پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہید کو سلامی پیش کی، پولیس افسران اور پاک آرمی حکام نے تابوت پر پھول چڑھائے اور شہید کے بلند درجات کے لیے دعا کی۔

قائم مقام آئی جی خیبرپختونخواہ پولیس محمد علی بابا خیل اور سی سی پی او پشاور ڈاکٹر میاں سعید احمد نے شہید کے لواحقین سے دلی تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ شہید محمد سجاد کا خون ہرگز رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا اور ملوث عناصر کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں