شکارپور کے قریب سلطان کوٹ کے مقام پر ریلوے ٹریک پر دھماکے سے جعفر ایکسپریس کی 4 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق جعفر ایکسپریس پشاور سے کوئٹہ جا رہی تھی، دھماکے سے کئی مسافروں کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔
ترجمان پاکستان ریلویز کے مطابق ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر روانہ کر دی گئی ہیں۔
واقعے سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور ٹرینوں کی آمد و رفت عارضی طور پر معطل کر دی گئی۔
پولیس کے مطابق دھماکا اُس وقت ہوا جب جعفر ایکسپریس سلطان کوٹ اسٹیشن سے گزر رہی تھی، 4 مسافر زخمی ہوئے، جنہیں ابتدائی طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
واضح رہے کہ 23 ستمبر کو بھی ٹریک پر دھماکے کے باعث پشاور سے کوئٹہ جانے والی جعفر ایکسپریس حادثے کا شکار ہوئی تھی۔
جعفر ایکسپریس کو حادثہ کوئٹہ سے چند کلو میٹر دور ڈیگاری کراس سپیذنٹ ریلوے اسٹیشن اور سریاب ریلوے اسٹیشن کے درمیان پیش آیا تھا، دھماکے سے انجن سمیت 5کوچز ڈی ریل ہوئی تھیں۔
ریلوے ٹریک پر دھماکے کے بعد جعفر ایکسپریس چند روز کے لیے معطل کر دی گئی تھی۔