پیرس: فرانسیسی سائیکل سوار اوریلین فونٹینائے نے دنیا کو حیران کرتے ہوئے ایفل ٹاور پر سائیکل چلا کر نیا ریکارڈ قائم کردیا۔
فونٹینائے، جو ایک مشہور سوشل میڈیا اسٹار بھی ہیں، اپنے مشن “دی کلائمب” (The Climb) کے تحت دنیا کی مشہور عمارتوں پر سائیکل کے ذریعے چڑھنے کے سلسلے کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اس بار انہوں نے اپنے چیلنج کے لیے فرانس کی پہچان — ایفل ٹاور — کا انتخاب کیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ فونٹینائے نے چڑھائی کے دوران ایک لمحے کے لیے بھی پاؤں زمین پر نہیں رکھا اور ٹاور کی دوسری منزل تک پہنچے، جو سیڑھیوں کے ذریعے ممکنہ آخری حد ہے۔
انہوں نے 686 سیڑھیاں صرف 12 منٹ 30 سیکنڈ میں عبور کیں، اس طرح سال 2002 میں Hugues Richard کے قائم کردہ پچھلے ریکارڈ کو 23 سال بعد 7 منٹ کے فرق سے توڑ دیا۔
ایفل ٹاور انتظامیہ نے فونٹینائے کے اس کارنامے کو “غیر معمولی اور تاریخ ساز” قرار دیا، جبکہ ان کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئی ہے۔ لوگ ان کی ہمت، مہارت اور توازن کی داد دے رہے ہیں۔
فونٹینائے نے کہا کہ یہ صرف ایک کھیل نہیں بلکہ فرانسیسی جذبے، نظم و ضبط اور حوصلے کی نمائندگی ہے۔