پاکستانجی ایچ کیو حملہ کیس: عمران خان کاعدالت میں پیش ہونے سے انکاراولپنڈی: بانی پی ٹی آئی عمران خان نے جی ایچ کیو حملہ کیس میں عدالت میں پیش ہونے سے انکار کردیا۔
راولپنڈی کی انسداد دہشتگردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے اڈیالہ جیل میں 9 مئی جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت کی جس سلسلے میں بانی پی ٹی آئی کے وکیل فیصل ملک اپنی ٹیم کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے جب کہ اسپیشل پراسیکیوٹر ظہیر شاہ نے بھی وہاں موجود تھے۔
سماعت سے قبل عدالت نے وکلا صفائی کو جیل ٹرائل بحال ہونے سے متعلق آگاہ کیا۔
عدالت کی جانب سے 3 مرتبہ عمران خان کو پیش ہونے کا پیغام بھیجا گیا جس پر جیل عملے نے عدالت کو بتایا کہ بانی پی ٹی آئی نے پیش ہونے سے انکار کردیا ہے اور بتایا کہ عمران خان کہہ رہے ہیں کہ ان کی طبیعت ٹھیک نہیں۔
جی ایچ کیو حملہ کیس میں عمران خان کی حاضری لگنا تھی جس کے لیے پراسیکیوشن ٹیم اور بانی پی ٹی آئی کے وکلا ایک گھنٹہ 40 منٹ تک انتظار کرتے رہے۔
تاہم انسداد دہشتگردی عدالت کے جج نے دلائل سننے کے بعد سماعت بغیر کسی کارروائی کے 20 اکتوبر تک ملتوی کردی۔