0

علی امین گنڈا پور نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا، سہیل آفریدی نئے وزیراعلیٰ ہوں گے

بانی پی ٹی آئی کی جانب سے نئے وزیراعلیٰ کی نامزدگی اور عہدے سے ہٹائے جانے کی خبر کی تصدیق ہونے کے بعد علی امین گنڈا پور نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔
ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے اڈیالہ جیل میں سماعت کے دوران پارٹی رہنماؤں کو وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کو عہدے سے ہٹانے کا حکم دیا۔

عمران خان نے علی امین گنڈا پور کی جگہ سہیل آفریدی کو وزارت اعلیٰ کے عہدے کیلیے نامزد بھی کیا۔ جس کی تصدیق پارٹی کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے بھی کی۔

پارٹی سیکریٹری کی تصدیق کے بعد علی امین گنڈا پور نے اپنے بیان میں کہاکہ وزیراعلی کا عہدہ عمران خان کی امانت تھی اور ان کے حکم کے مطابق استعفیٰ دے کر امانت واپس کررہا ہوں۔

علی امین گنڈاپورنے اپنے عہدہ سے استعفی دیتے ہوئے کہا کہ نئے وزیراعلیٰ کی مکمل حمایت کرتا ہوں اور انہیں سپورٹ کروں گا۔

جب عہدہ سنبھالا تو بہت سارے چلینجز تھے، پارٹی قیادت کے حکم پر مستعفی ہورہا ہوں، علی امین

وزیرِاعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا اور اسے گورنر کو منظوری کیلیے ارسال کردیا۔

علی امین گنڈاپور نے اپنے استعفے میں لکھا کہ قائد عمران خان کے حکم کی تعمیل میں وزارتِ اعلیٰ چھوڑ رہا ہوں، وزارتِ اعلیٰ میرے لیے اعزاز تھی، استعفیٰ قیادت کے فیصلے پر دیا، جب عہدہ سنبھالا تو صوبہ مالی بحران اور دہشتگردی کے سنگین چیلنجز سے دوچار تھا۔

انہوں نے لکھا کہ ڈیڑھ سال میں صوبے کو مالی استحکام کی راہ پر گامزن کیا، دہشت گردی کے خلاف جرات اور حوصلے سے اقدامات کیے، عمران خان کی رہنمائی میں صوبے میں بڑے ترقیاتی منصوبے شروع کیے۔

گنڈا پور نے لکھا کہ عمران خان، پارٹی کارکنان، کابینہ ارکان، پارٹی اراکین اسمبلی اور بیوروکریسی کا شکر گزار ہوں، تمام چیلنجز کے باوجود عوام کی خدمت خلوص نیت سے کی، میں ہمیشہ پاکستان کے مفاد میں فیصلے کرتا رہا ہوں۔

انہوں نے اپنے استعفے کے آخر میں پاکستان زندہ باد، پاکستان تحریک انصاف پائندہ باد بھی لکھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں