0

ٹی ایل پی کا ممکنہ مارچ: اسلام آباد کسی بھی وقت سیل کردیا جائیگا، موبائل فون کی بندش بھی زیر غور

تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے اسلام آباد کی جانب مارچ کو روکنے کے لیے وفاقی دارالحکومت کو آج کسی بھی وقت سیل کیا جا سکتا ہے۔

ٹی ایل پی کے اسلام آباد کی جانب مارچ کے اعلان کے بعد وفاقی دارالحکومت کے داخلی راستوں پر کنٹینرز پہنچا دیے گئے ہیں اور جگہ جگہ پولیس کی نفری بھی تعینات کر دی گئی ہے۔

پولیس ذرائع کا بتانا ہے کہ آج شام کے بعد اسلام آباد کسی بھی وقت سیل کردیا جائے گا، ریڈ زون کو کچھ دیر بعد مکمل طور پر سیل کردیا جائے گا اور صرف مارگلہ روڈ سے مجاز افراد کو آنے جانے کی اجازت ہو گی۔

ٹی ایل پی کا اسلام آباد کی طرف ممکنہ مارچ، شہر میں سکیورٹی سخت، فیض آباد پر کنٹینر پہنچادیے گئے

ذرائع کے مطابق اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں ٹی ایل پی کارکنوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے جس میں متعدد کارکنوں کو گرفتار بھی کیا جا چکا ہے۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹی ایل پی کے مارچ کے باعث موبائل فون سگنل کی بندش کے حوالے سے بھی فیصلہ زیر غور ہے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ انتظامیہ کی جانب سے مری روڈ فیض آباد کے ہوٹلز خالی کرنے کے احکامات بھی جاری کردیے گئے ہیں۔

اس حوالے سے سی پی او راولپنڈی خالد ہمدانی کا کہنا ہے کہ کسی سڑک کو بلاک کرنے یا ٹریفک میں خلل ڈالنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ احتجاج کی آڑ میں پرتشدد سرگرمی کو برداشت نہیں کیا جائے گا، قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا جب کہ املاک یاقانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ تحریک لبیک پاکستان نے 10 اکتوبر بروز جمعہ اسلام آباد کی جانب مارچ کا اعلان کررکھا ہے جس کے باعث انتظامیہ نے فیض آباد پر کنٹینرز پہنچا دیے ہیں جب کہ شہر بھر میں سکیورٹی بھی سخت کردی گئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں