0

کراچی ماں کی طرح ہے،اپنے بازو کھول کر سب کو خوش آمدید کہتا ہے, ماہرہ خان

کراچی کو ناپسند کرنے والوں کے بیانات پر ماہرہ خان نے دل چھو لینے والا ردِعمل دیا جس نے سب کی توجہ اپنی جانب کھینچ لی۔

اپنی آنے والی فلم نیلوفر کی پروموشن کے لیے کراچی میں ہونے والی پریس میٹ میں سپر اسٹار فواد خان اور ماہرہ خان ایک ساتھ نظر آئے۔

اس موقع پر صحافی نے ماہرہ خان سے سوال کیا کہ کچھ لوگ کہتے ہیں کہ اُنہیں کراچی آنا پسند نہیں، آپ اپنے شہر کے بارے میں کیا کہنا چاہیں گی؟۔

ماہرہ خان نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ وہ کراچی میں پیدا ہوئیں، یہی شہر ان کی پرورش کی جگہ ہے اور ان کی زندگی کا سب سے خاص حصہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہر انسان اپنے شہر سے محبت کرتا ہے کیونکہ وہاں اس کی یادیں بسی ہوتی ہیں۔ ان کے لیے کراچی وہ جگہ ہے جہاں ان کے والدین، دادی، نانی اور بچپن کی جڑیں موجود ہیں، یہ شہر ان کے جذبات سے جڑا ہوا ہے۔

ماہرہ خان کا کہنا تھا کہ کراچی ماں کی طرح ہے، یہ اپنے بازو کھول کر سب کو خوش آمدید کہتا ہے، لوگ اس شہر سے بہت کچھ لیتے ہیں، لوگ کراچی کے ساتھ بہت برا سلوک کرتے ہیں مگر یہ شہر پھر بھی انکو معاف کردیتا ہے، دوبارہ اپنے گلے لگا لیتا ہے اور کہتا ہے واپس آجاؤ، یہی کراچی کی اصل خوبی ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں اداکارہ صبا قمر نے کراچی کے حوالے سے ایک متنازع بیان دیا تھا جس پر انہیں کافی تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا، صبا قمر سے ایک انٹرویو کے دوران پوچھا گیا تھا کہ کیا وہ کبھی کراچی منتقل ہوں گی؟ تو انہوں نے “استغفراللہ!” کہتے ہوئے کہا کہ انہیں کراچی پسند نہیں اور وہ اسلام آباد اور لاہور کو ترجیح دیتی ہیں۔

واضح رہے کہ ماہرہ خان اور فواد خان کی فلم ’نیلوفر‘ دنیا بھر میں 28 نومبر 2025ء کو ریلیز کی جائے گی۔ اس فلم میں فواد خان اور ماہرہ خان کے ساتھ مدیحہ امام، بہروز سبزواری، عتیقہ اوڈھو، سمیعہ ممتاز، نوید شہزاد، فیصل قریشی اور گوہر رشید بھی سنیما اسکرین پر جلوہ گر ہوں گے۔

اداکار فواد خان پروفیسر کے کردار میں سنیما اسکرین پر اداکاری کے جوہر دکھائیں گے، جو اس فلم کے پروڈیوسر بھی ہیں جن کا کہنا ہے کہ فلم بہت محنت سے تیار کی ہے اور امید ہے کہ شائقین کو یہ فلم بہت پسند آئے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں