ایتھوپیا میں پھٹنے والے آتش فشاں کے راکھ کے بادل گوادر میں ریکارڈ ہوئے ہیں، راکھ کے بادل گوادر کے جنوبی علاقوں میں 60 ناٹیکل میل کی دوری پر ریکارڈ ہوئے۔
ترجمان محکمہ موسمیات انجم نذیرضیغم کے مطابق محکمہ موسمیات نے آج یکے بعد دیگرے دو وولکینک ایش الرٹ جاری کیے، 45 ہزار فٹ کی بلندی پر اڑنے والی پروازوں کے لیے وولکینک الرٹ جاری کیے گئے، پاکستانی حدود استعمال کرنے والی بین الاقوامی پروازوں کی بلندی عموما 45ہزار فٹ یا اس سے زائد ہوتی ہے۔
ترجمان کے مطابق بلندی کے حامل ہوائی جہازوں کے عملے کو راکھ کے بادلوں کے متعلق احتیاط کا مشورہ دیا گیا ہے، آتش فشاں سے اٹھنے والے راکھ کے بادل یمن، عمان، بھارت اور شمالی پاکستان تک پھیل گئے ہیں، حیلی گوبی نامی آتش فشاں ایتھوپیا کے دارالحکومت ادیس ابابا سے تقریباً 800 کلومیٹر شمال مشرق میں واقع ہے۔
ترجمان کے مطابق یہ آتش فشاں جس کی بلندی تقریباً 500 میٹر ہے، رِفٹ ویلی میں موجود ہے، یہ وہ خطہ جہاں دو ٹیکٹونک پلیٹیں ملتی ہیں اور زمین کے اندر شدید جغرافیائی سرگرمیاں ہوتی ہیں.




