ویسے تو پاکستانی شہروں خاص طور پر کراچی میں صفائی کے معیار پر کافی باتیں کی جاتی ہیں مگر دنیا کا گندہ ترین شہر یورپ میں واقع ہے۔
کم از کم ریڈیکل اسٹوریج نامی کمپنی کی جانب سے جاری کی گئی دنیا کے صاف اور گندے ترین شہروں کی فہرست میں تو یہی دعویٰ کیا گیا ہے۔
اس فہرست کے مطابق اگر آپ صاف ستھرے ماحول میں رہنا چاہتے ہیں تو ہنگری کے شہر بداپسٹ میں جانے سے گریز کرنا چاہیے کیونکہ وہ دنیا کا گندہ ترین شہر ہے۔
اس فہرست کی تیاری کے لیے ریڈیکل اسٹوریج نے یورو مانیٹر کے ٹاپ 100 شہروں کے انڈیکس کو لیا اور ان تمام شہروں کے حوالے سے گوگل ریویوز کا تجزیہ کیا۔
گزشتہ سال کے 70 ہزار حقیقی آن لائن ریویوز کے تجزیے میں کلین اور ڈرٹی جیسے الفاظ کے ذریعے تعین کیا گیا کہ کسی شہر میں صفائی کے معیار کی کتنی تعریف یا برائی کی گئی ہے۔
کمپنی نے ان تمام شہروں کو نکال دیا جن کے بارے میں ریویوز کی تعداد 100 سے کم تھی۔
آخر میں دریافت ہوا کہ 37.9 فیصد ریویوز میں بڈاپسٹ کے صفائی کے معیار پر تنقید کی گئی تھی اور وہاں گرد و غبار کی شکایات کی گئیں۔
اٹلی کا شہر روم دنیا کا دوسرا گندہ ترین شہر قرار دیا گیا کیونکہ 35.7 فیصد ریویوز میں وہاں مٹی کی بھرمار کے بارے میں بتایا گیا تھا۔
امریکی شہر لاس ویگاس اس فہرست میں تیسرے نمبر پر رہا جبکہ اٹلی کا شہر فلورنس چوتھے، فرانس کا شہر پیرس 5 ویں، اطالوی شہر میلان چھٹے، اٹلی کا ایک اور شہر ویرونا 7 ویں، جرمن شہر فرینکفرٹ 8 ویں، بیلجیئم کا شہر برسلز 9 ویں اور مصری شہر قاہرہ 10 ویں نمبر پر رہا۔
اگر دنیا کے صاف ترین شہروں کی بات کی جائے تو پولینڈ کا شہر Krakow اس حوالے سے سرفہرست ہے۔
اس کے بعد متحدہ عرب امارات کا شہر شارجہ دوسرے جبکہ سنگاپور تیسرے نمبر پر رہا۔
پولینڈ کا ایک اور شہر وارسا چوتھے، قطر کا شہر دوحا 5 ویں، سعودی شہر ریاض چھٹے، چیک ری پبلک کا شہر پراگ 7 ویں، عمان کا شہر مسقط 8 ویں، یو اے ای کا شہر دبئی 9 ویں جبکہ جاپانی شہر Fukuoka کے حصے میں 10 واں نمبر آیا۔




