بالی ووڈ اداکار شاہ رخ خان نے اپنی شہرہ آفاق فلم دل والے دلہنیا لے جائیں گے کے 30 سال مکمل ہونے پر ایک بار پھر مداحوں کا شکریہ ادا کیا ہے۔
لندن میں شاہ رخ خان (راج) اور اداکارہ کاجل (سمرن) مداحوں کے سامنے جمع ہوئے اور انہوں نے ایک بار پھر فلم کا تاریخی اسٹائل کر کے مداحوں کے دل جیت لیے۔
شاہ رخ خان کالے رنگ کے لباس جبکہ کاجل نیلے رنگ کی ساڑھی میں تھیں۔
کنگ خان نے مداحوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’دل والے دلہنیا کو ریلیز ہوئے 30 برس ہوگئے مگر ایسا لگتا ہے کہ یہ فلم کل ہی ریلیز ہوئی ہے‘۔
شاہ رخ خان نے کہا کہ ایسا اس لیے لگتا ہے کیونکہ بڑے بڑے دیسوں میں چھوٹی چھوٹی باتیں ہوتی رہتی ہیں مگر یہ آج بھی میرے لیے ناقابل یقین ہے کہ لوگ فلم سے آج بھی اتنی محبت کرتے ہیں۔
کنگ خان نے کہا کہ دل والے دلہنیا کو دنیا بھر میں جتنا پسند کیا گیا اور پذیرائی ملی اس کا اندازہ نہیں تھا۔
واضح رہے کہ دل والے دلہنیا فلم 1995 میں ریلیز ہوئی تھی جس نے اب تک 102.5 کروڑ روپے کی کمائی کی ہے اور یہ انڈین فلم انڈسٹری کا تاریخی ریکارڈ ہے۔




