معروف یوٹیوبر ڈکی بھائی نے اپنے ویڈیو پیغام میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور ڈی جی ملٹری انٹیلیجنس کا شکر ادا کیا ہے کہ انہوں نے انتہائی پروفیشنلزم کا مظاہرہ کرتے ہوئے ان کی فیملی کو کرپٹ مافیا سے نجات دلائی۔
ڈکی بھائی نے کہا کہ اس کرپٹ مافیا کے خلاف جو کارروائی کی گئی وہ پاکستان کی تاریخ میں منفرد ہے اور اس کا مکمل کریڈٹ انٹیلیجنس ایجنسیز کو جاتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ کارروائی نہ صرف ان کی فیملی کی حفاظت کے لیے اہم تھی بلکہ ملک میں انصاف اور قانون کی بالادستی کیلئے بھی ایک سنگ میل ثابت ہوئی ہے۔انہوں نے اپنی ویڈیو میں واضح کیا کہ انٹیلیجنس ایجنسیز کی پیشہ ورانہ مہارت اور بروقت کارروائی نے انہیں اور ان کے اہل خانہ کو ایک بڑے خطرے سے محفوظ رکھا۔
اس سے قبل ڈکی بھائی نے ویڈیو کے آغاز میں کہا کہ اگر کوئی یہ سمجھے کہ میرا مقصد ایف آئی آر کی جوازیت پیش کرنا ہے تو ایسا نہیں ہے انہوں نے واضح کیا کہ اگر میرے کانٹینٹ سے کسی پر منفی اثر پڑا ہو یا کسی پروموشن سے نقصان ہوا ہو تو اس کے لیے میں پوری قوم سے معافی چاہتا ہوں۔
یوٹیوبر نے کہا کہ ہمیشہ سے میری کوشش یہ رہی ہے کہ میں لوگوں کو تفریح فراہم کروں اور نیا مواد پیش کروں، لیکن اگر کہیں جان بوجھ کر یا انجانے میں ایسا مواد جاری ہوا جو کسی پر منفی اثر ڈالے تو میں اس کے لیے ذمہ دار ہوں۔
ڈکی بھائی نے مزید کہا کہ وہ عدالتی کارروائیوں میں مکمل تعاون کرنے کے لیے تیار ہیں اور جج کا جو بھی فیصلہ ہوگا اسے قبول کریں گے۔ انہوں نے اپنی اور اپنے خاندان کے ساڑھے تین ماہ کے تجربے کا بھی ذکر کیا اور بتایا کہ 16 اگست 2025 کو دعوت کے بعد غیر ملکی ایونٹ کے لیے نکلتے ہوئے انہیں گرفتار کیا گیا، جس کے بعد مشکلات کا سلسلہ شروع ہوا۔
واضح رہے کہ ڈکی بھائی کو 17 اگست کو لاہور ایئرپورٹ سے جوا ایپس کے ذریعے منی لانڈرنگ کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔ لاہور ہائیکورٹ نے 10 لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض ان کی درخواست ضمانت منظور کی اور 26 نومبر کو انہیں رہا کر دیا گیا۔




