وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کا کہنا ہے کہ آج عالمی سطح پر کوئی بھی بیٹھک پاکستان کے بغیر نہیں ہوتی ہے اور مختلف ممالک کے وفد پاکستان کے دورے کر رہے ہیں۔
لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی اہمیت قائم ہوئی ہے، ہماری فوج اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کو شکست دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
علی پرویز ملک کا کہنا ہے کہ معرکہ حق میں تینوں فورسز نے مثالی کام کیا۔ میں اور پوری قوم سید عاصم منير کو مبارکباد پیش کرتی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ نوٹ چھاپ کر خسارے پورے کرتے ہیں تو مہنگائی جنم لیتی ہے، ٹیکسوں کو بڑھایا گیا، اخراجات کو کم کیا گیا، ہم نے مل کر پاکستان کو معاشی طور پر مضبوط کرنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومتی کوششوں کی وجہ سے معاشی حالات بہتر ہو رہے ہیں، توانائی کے شعبے میں گردشی قرضوں پر قابو پایا جا رہا ہے، ہمارا معاشی نظام ہم نے مل کر ٹھیک کرنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دیوالیہ پن کی گفتگو جو گونجتی تھی اس کو کنارے لگا دیا گیا ہے۔ ہم نے دیکھنا ہے نوجوان نسل کو کس طرح روزگار مہیا کرنا ہے، جب معیشت چلنا شروع ہوتی ہے تو وسائل کم ہونا شروع ہو جاتے ہیں۔
علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ حکومتی کوششوں کی وجہ سے معاشی حالات بہتر ہو رہے ہیں، توانائی کے شعبے میں گردشی قرضوں پر قابو پایا جا رہا ہے۔




