بچے نے ماں کے لاکھوں روپے کے طلائی ہار کے ٹکڑے کرکے اسکول کے دوستوں میں بانٹ دیے

بچے اسکول میں دوستوں کو مختلف تحائف دیتے ہیں اور یہ غیر معمولی بات نہیں۔

مگر جب کوئی بچہ اپنی ماں کے مہنگے طلائی ہار کو ٹکڑے کرکے دوستوں میں تحفے کے طور پر بانٹ دیں تو یہ ضرور چونکا دیتا ہے۔

ایسا حیرت انگیز واقعہ مشرقی چین میں سامنے آیا، جہاں ایک 8 سالہ بچے نے اپنی ماں کے طلائی ہار کے چھوٹے ٹکڑے کیے اور پھر اسکول کے ساتھیوں کو یہ ٹکڑے تحفے میں دے دیے۔

یہ خاندان چین کے صوبے شان ڈونگ کے علاقے Zaozhuang میں رہائش پذیر ہے۔

بچے کے اس غیر معمولی اقدام کا علم ایک ماہ بعد ہوا اور والدین پھر اس ہار کے ٹکڑے واپس حاصل نہیں کرسکے۔

بچے کی ماں سن (پورا نام ظاہر نہیں کیا گیا) نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں بتایا کہ ‘ہوسکتا ہے کہ آپ کو لگے کہ یہ جھوٹی مزاحیہ کہانی ہے مگر ایسا حقیقت میں ہوا’۔

خاتون نے بتایا کہ انہیں اس واقعے کا علم بیٹی سے ہوا جس نے انہیں بتایا کہ بیٹے کی کلاس کے دوست نے اسے بتایا کہ لڑکے نے اسے سونے کا ایک ٹکڑا دیا ہے۔

بچے نے بھی تسلیم کیا کہ اس نے ماں کے ہار کو دوستوں میں بانٹ دیا ہے۔

ماں اور باپ نے پھر گھر کے سی سی ٹی وی کیمرے کو چیک کیا تو انہوں نے بچے کو خاتون کی الماری سے ہار کو نکالتے ہوئے دیکھا۔

بچے نے ماں کے لاکھوں روپے کے طلائی ہار کے ٹکڑے کرکے اسکول کے دوستوں میں بانٹ دیے
بچہ ہار کے ٹکڑے کر رہا ہے / اسکرین شاٹ
یہ ہار شادی کے موقع پر خاتون کو شوہر نے تحفے میں دیا تھا۔

فوٹیج میں نظر آیا کہ بچے نے پلاس سے ہار کو متعدد چھوٹے ٹکڑوں میں تقسیم کیا۔

بچے نے والدین کو بتایا کہ اسے یاد نہیں کہ اس نے کتنے دوستوں کو سونے کے ٹکڑے دیے، اسے یہ بھی یاد نہیں تھا کہ باقی سونا اس نے کہاں رکھا۔

آخر میں والدین اس ہار کا محض ایک چھوٹا ٹکڑا ہی تلاش کرسکے۔

جب ماں نے بیٹے سے پوچھا کہ کیا اسے علم ہے کہ سونا کتنا مہنگا ہوتا ہے؟ تو بچے نے کہا کہ نہیں اسے معلوم نہیں، جس پر والد نے بچے کو کافی مارا۔

سن کے اس ہار کی قیمت 7200 یوآن (2 لاکھ 85 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں