26 نومبر احتجاج کیس میں علیمہ خان کی ضمانت بحال، وارنٹ گرفتاری منسوخ

راولپنڈی:انسداد دہشت گردی عدالت نے 26 نومبر احتجاج کیس میں علیمہ خان کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے ان کے وارنٹ گرفتاری منسوخ کر دیے جبکہ عدالت نے فرد جرم کی کارروائی کو چیلنج کرنے کی درخواست بھی خارج کر دی۔

علیمہ خان اپنے وکیل فیصل محمود ملک کے ہمراہ عدالت پیش ہوئیں، جہاں جج امجد علی شاہ، سرکاری پراسیکیوٹر ظہیر شاہ اور وکلاء صفائی موجود تھے۔ مقدمے کے 8 گواہان بھی عدالت کے احاطے میں موجود تھے۔

دوران سماعت، علیمہ خان کی جانب سے فرد جرم کی کارروائی کو چیلنج کرنے کی درخواست دائر کی گئی، جس میں وکیل نے کہا کہ قانون کے مطابق فرد جرم کے وقت ملزم کی موجودگی اور دستخط ضروری ہیں، اور ملزمہ و وکلاء کو فرد جرم کے بارے میں میڈیا کے ذریعے معلوم ہوا۔

پراسیکیوٹر نے کہا کہ فرد جرم قانونی طور پر درست طریقے سے عائد کی گئی، ملزمہ و وکلاء جان بوجھ کر تاخیری حربے استعمال کر رہے ہیں، اور دو ماہ تک کسی نے فرد جرم کی کاروائی چیلنج نہیں کی۔

عدالت نے دلائل سننے کے بعد علیمہ خان کی ضمانت بحال کی اور گزشتہ سماعت پر تاخیر سے پہنچنے پر جاری عدالتی احکامات واپس لے لیے۔ عدالت نے گزشتہ سماعت پر علیمہ خان کے ضمانتی مچلکے ضبط، توہین عدالت کا نوٹس جاری کیا تھا۔

مقدمے کا ٹرائل جاری ہے اور سرکاری گواہان کے بیانات ریکارڈ ہونا شروع ہو چکے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں