پشاور: سی ٹی ڈی کی کارروائی، 3 دہشت گرد ہلاک

پشاور: سی ٹی ڈی کی کارروائی، 3 دہشت گرد ہلاک

(جرأت نیوز)محکمہ انسداد دہشت گردی(سی ٹی ڈی) خیبرپختونخوا نے پشاور میں کامیاب کارروائی کرتے ہوئے 3 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جبکہ ان کے دو ساتھی فرار ہوگئے۔سی ٹی ڈی کے مطابق خیبر پختونخوا سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا کی ہدایات پر مختلف علاقوں میں ٹارگٹڈ آپریشنز کیے جارہے ہیں جن کے تسلسل میں آج ایک مصدقہ اطلاع پر سی ٹی ڈی پشاور نے کامیاب کارروائی کے دوران 3 نامعلوم دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جبکہ ان کے دو ساتھی فرار ہوگئے۔اعلامیے میں کہا گیا کہ سی ٹی ڈی کو مصدقہ اطلاع ملی تھی کہ تھانہ متنی کی حدود میں اضاخیل روڈ خون بابا قبرستان کے قریب چند شرپسند عناصر کسی بڑی تخریبی کارروائی کی منصوبہ بندی کے لیے موجود ہیں جس پر سی ٹی ڈی اسپیشل ویپنز اینڈ ٹیکٹکس ٹیمز نے کارروائی کی۔سی ٹی ڈی نے بتایا کہ کارروائی کے دوران دہشت گردوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کی، جس پر پولیس نے دفاع میں جوابی فائرنگ کی جس سے 3 دہشت گرد ہلاک جبکہ دو دہشت گرد فرار ہوگئے۔سی ٹی ڈی نے بتایا کہ علاقے کی تلاشی کے دوران 3 دہشت گردوں کی لاشیں ملیں، ان کے زیرقبضہ 3 عدد کلاشنکوف اور 9 عدد میگزین بھی برآمد کی گئی ہیں۔
انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا اور ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی نے کامیاب کارروائی پر سی ٹی ڈی کے جوانوں کو شاباش دی ہے اور کہا کہ عوام کی جان و مال کی حفاظت کے لیےشرپسند عناصر کے خلاف کامیاب آپریشنز قابل تحسین ہیں اور ان آپریشنز کا سلسلہ مزید تیز کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں