لاہور:(جرأت نیوز)انسداد دہشت گردی عدالت نے سانحہ نو مئی کلب چوک جی او آر کے گیٹ پر حملہ کے مقدمے میں پی ٹی آئی کی ڈاکٹر یاسمین راشد، اعجاز چوہدری، سرفراز چیمہ اور محمود الرشید کو 10، 10 سال قید کی سزا سنا دی۔
انسداد دہشتگردی عدالت کے جج منظر علی گل نے کوٹ لکھپت جیل میں فیصلہ سنایا۔ عدالت نے 18 دسمبر کو فیصلہ محفوظ کیا تھا۔مقدمہ کے 25 ملزمان کا چالان جمع کروایا گیا تھا اور 4 ملزمان دوران ٹرائل اشتہاری ہوگئے، مقدمے میں مجموعی طور پر 56 گواہان کی شہادت ریکارڈ ہوئی۔تھانہ ریس کورس نے کلب چوک جی او آر گیٹ پر حملے کا مقدمہ درج کر رکھا ہے۔ایف آئی آر کے متن کے مطابق ملزمان نے کلب چوک جی او آر گیٹ کے سیکیورٹی کیمرے توڑے، ملزمان نے پولیس کی وائر لیس اور جی او آر گیٹ کے شیشے بھی توڑے۔ ملزمان نے سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا اور پولیس اہکاروں پر حملہ کیا جبکہ پی ٹی آئی رہنما حماد اظہر کی زیر قیادت ہجوم نے حملہ کیا۔کیس کے ملزمان میں ڈاکٹر یاسمین راشد، شاہ محمود قریشی، عمر سرفراز چیمہ، اعجاز چوہدری اور میاں محمود الرشید شامل ہیں۔پی ٹی آئی رہنماؤں پر کارکنان کو نو مئی بغاوت اور فسادات پر اکسانے کا الزام ہے۔




