سابق پی ٹی آئی رہنماؤں کا وزیراعظم کو خط، شاہ محمود کو پیرول پر رہا کرنیکا مطالبہ، عمران خان نظرانداز

سابق پی ٹی آئی رہنماؤں کا وزیراعظم کو خط، شاہ محمود کو پیرول پر رہا کرنیکا مطالبہ، عمران خان نظرانداز

اسلام آباد: (جرأت نیوز)سیاسی مفاہمت کے فروغ کیلئے نیشنل ڈائیلاگ کمیٹی (این ڈی سی) قائم کرنے والے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق رہنماؤں کے ایک گروپ نے باضابطہ طور پر وزیر اعظم شہباز شریف سے رابطہ کرتے ہوئے کوٹ لکھپت جیل میں قید پارٹی کے سینئر رہنماؤں کو پیرول پر رہا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ کمیٹی کا مؤقف ہے کہ ان رہنماؤں کی رہائی مجوزہ مذاکراتی عمل کی قیادت، ساکھ اور نتیجہ خیزی کیلئے ضروری ہے۔ کمیٹی کی جانب سے 23 دسمبر کو وزیر اعظم کو بھیجے گئے خط میں اپوزیشن، بالخصوص پی ٹی آئی، کے ساتھ مذاکرات کی پیشکش کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے ملک کو درپیش بڑھتے سیاسی، معاشی اور ادارہ جاتی بحرانوں کے تناظر میں ایک ’’سنہری موقع‘‘ قرار دیا گیا ہے۔
قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ خط میں پی ٹی آئی کے بانی عمران خان کا ذکر شامل نہیں، بلکہ توجہ اس بات پر مرکوز رکھی گئی ہے کہ اڈیالہ جیل سے باہر موجود سینئر پارٹی قیادت ہی مذاکراتی عمل کے آغاز اور تسلسل میں مؤثر کردار ادا کر سکتی ہے۔
خط میں سب سے اہم مطالبہ کوٹ لکھپت جیل میں قید ہائی پروفائل پی ٹی آئی رہنماؤں کی رہائی سے متعلق ہے، جن میں شاہ محمود قریشی، ڈاکٹر یاسمین راشد، عمر سرفراز چیمہ، میاں محمود الرشید اور سابق سینیٹر اعجاز چوہدری شامل ہیں۔ کمیٹی کا کہنا ہے کہ ان رہنماؤں کو پیرول پر رہا کیا جائے تاکہ وہ مذاکراتی عمل میں مؤثر انداز سے قیادت اور شرکت کر سکیں۔
خط کے مطابق کمیٹی سمجھتی ہے کہ مذاکرات کی کامیابی کا انحصار عملی اعتماد سازی کے اقدامات پر ہے۔ قید پی ٹی آئی رہنماؤں کی رہائی ایک مثبت اور اعتماد پر مبنی ماحول پیدا کرے گی اور مختلف سیاسی فریقین کے درمیان باہمی اعتماد کی بحالی میں مدد دے گی۔ نیشنل ڈائیلاگ کمیٹی نے تمام سیاسی جماعتوں سے اپیل کی ہے کہ وہ مفادات سے بالاتر ہو کر میثاق جمہوریت اور میثاق معیشت پر اتفاق رائے کیلئے کردار ادا کریں، جو طویل المدتی سیاسی استحکام اور معاشی بحالی کیلئے ناگزیر ہیں۔ اس خط پر پی ٹی آئی کے سابق رہنماؤں محمود مولوی، عمران اسمٰعیل اور فواد چوہدری نے دستخط کیے ہیں، جنہوں نے حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات کی راہ ہموار کرنے کے مقصد سے نیشنل ڈائیلاگ کمیٹی تشکیل دی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں