(ڈیلی جرأت)ممتاز عالم دین اور سرپرست اعلیٰ جامعہ اشرفیہ مولانا فضل الرحیم اشرفی انتقال کرگئے۔مولانا فضل الرحیم اشرفی وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے سرپرست اور جامعہ اشرفیہ کے شیخ الحدیث اور سابق مہتمم تھے۔ پاکستان سمیت دنیا بھر میں ان کے شاگرد موجود ہیں۔مولانا فضل الرحیم اشرفی کی نماز جنازہ آج ظہر کی نماز کے بعد جامعہ اشرفیہ لاہور میں ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں علماکرام ، مشائخ عظام، وزرا، سیاسی و سماجی رہنماؤں سمیت عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
مولانا فضل الرحیم اشرفی کے انتقال پر وزیراعظم شہباز شریف، وفاقی وزیر احسن اقبال، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق، امیر جے یو آئی مولانا فضل الرحمان، امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان سمیت دیگر سیاسی اور سماجی رہنماؤں نےگہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحیم اشرفی ایک جید عالم دین، ممتاز محدث اور دینی تعلیم کے فروغ میں نمایاں خدمات انجام دینے والی عظیم شخصیت تھے۔ انہوں نے اپنی پوری زندگی قرآن و سنت کی تعلیم، دینی اقدار کے فروغ اور اخلاقی تربیت کے لیے وقف کر رکھی تھی، جس سے بے شمار طلبہ و علما نے استفادہ کیا۔




