mohsinnaqvi

آج پی ایس ایل کی تاریخ کی سب سے بڑی نیلامی ہوئی، محسن نقوی

اسلام آباد:(روزنامہ جرأت)چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا ہے کہ آج پی ایس ایل کی تاریخ کی سب سے بڑی نیلامی ہوئی عوام کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔پی ایس ایل کی دو ٹیموں کی نیلامی کی تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کرکٹ ترقی کررہی ہے یہ کامیابی صرف پی سی بی کی نہیں بلکہ ہر پاکستانی کی ہے آج کی نیلامی معمولی نہیں تھی یہ پاکستان میں سرمایہ کاری پر اعتماد ہے، یہ کوئی معمولی رقم نہیں ہے یہ عوام کا کرکٹ سے لگاؤ اور محبت کی عکاس ہے۔محسن نقوی نے کہا کہ آکشن میں موجود افراد کو یقین دلاتا ہوں ابھی بہت مواقع ہیں، ملک کا جو نقشہ ہمارے ذہنوں میں بنا ہوا ہے پاکستان کو وہاں تک لے کر جائیں گے، پی سی بی اور تمام پی ایس ایل ممبران کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
انہوں ںے کہا کہ یہ کامیابی پاکستان اور پی سی بی کی کامیابی ہے، میں ٹیم خریدنے والے ایف کے ایس گروپ کے فواد سرور اور او زی گروپ کے حمزہ مجید کو مبارکباد دیتا ہوں، میں حیدرآباد اور سیالکوٹ کو بھی مبارکباد پیش کرتا ہوں، یہ پی ایس ایل کے لیے تاریخی لمحہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل صرف ایک ٹورنامنٹ نہیں ہے یہ لیگ ہمیں بہت عزیز ہے، ہمارے جذبات پی ایس ایل سے وابستہ ہیں، میں تمام پاکستانیوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں ، یہ کرکٹ سے پیار کرنے والوں کی جیت ہے، نئی فرنچائز کے مالکان نے پی سی بی پہ اعتماد کا اظہار کیا ہے اس کے لیے مشکور ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ یہ کامیابی پاکستان کے عوام کی کامیابی ہے جن لوگوں نے اس عمل میں حصہ لیا ان کا دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں یہ اعتماد پاکستان پہ اعتماد ہے کرکٹ سے لگاؤ اور پاکستان سے محبت کا اظہار ہے، ہم سب مل کر اس ملک کو وہاں تک لے کر جائیں گے جو ہم نے ذہن میں خاکہ بنا رکھا ہے۔چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ پی ایس ایل کی ساتویں اور آٹھویں ٹیم دس سال معاہدے کے تحت نیلام کی گئیں، ساتویں اور آٹھویں ٹیمیں سالانہ فیس ادا کر کے معاہدہ تجدید کروائیں گی، 175 کروڑ اور 185 کروڑ ایک سال کی فیس ہے۔محسن نقوی نے کہا ہے کہ آج کی نیلامی سے پی سی بی کو 36ارب روپے ملیں گے، آج کی نیلامی میں چار سے پانچ کمپنیاں امریکا سے آئی تھیں یہ رقم پاکستان میں اسپورٹس کی مد میں خرچ ہوگی، کامیاب بڈرز میں ایک کمپنی امریکا دوسری آسٹریلیا سے ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں