weather

ملک میں آئندہ ہفتے بارش اور برفباری کا امکان، شدید سردی کی لہر کا الرٹ بھی جاری

اسلام آباد:(روزنامہ جرأت)ملک کے مختلف علاقوں میں آئندہ ہفتہ وقفے وقفے سے بارش اور برفباری کا امکان ہے جس کے حوالے سے این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمر جنسیز آپریشن سینٹر نے گلگت بلتستان، بالائی خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر میں ممکنہ شدید سردی کی لہر کا الرٹ جاری کر دیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا سلسلہ کل سے بالائی علاقوں میں پہنچے گا اور 20 جنوری سے اس سلسلہ کی شدت میں اضافہ ہوگا۔مغربی ہواؤں کا یہ سلسلہ 21 جنوری سے مختلف علاقوں کو لپپٹ میں لے گا، کل سے 19 جنوری کے دوران گلگت بلتستان اور کشمیر میں بارش اور برفباری کا امکان ہے۔ خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں میں بھی بارش اور برفباری کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 18 سے 20 جنوری کے دوران مری اور گلیات میں بارش اور برفباری کا امکان ہے، 20 سے 23 جنوری کے دوران اسلام آباد میں بارش جبکہ پنجاب کے مختلف اضلاع مری، گلیات میں بارش اور برفباری کا امکان ہے۔اسی طرح، 23 جنوری کو خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں میں دوبارہ بارش اور برفباری کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 21 سے 23 جنوری کے دوران بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بارش اور برفباری کا امکان ہے جبکہ 22 سے 23 جنوری کے دوران سندھ کے مختلف مقامات پر بارش کا امکان ہے۔
بارش اور برفباری سے بالائی علاقوں میں آمدورفت متاثر ہونے کا خدشہ ہے جبکہ بالائی خیبر پختونخوا اور کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔ پنجاب، بالائی سندھ اور خیبر پختونخوا میں بارش کے باعث دھند میں کمی کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے ہدایت کی ہے کہ شہری خراب موسم میں غیر ضروروی سفر سے اجتناب کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں