(روزنامہ جرأت)سال کا سب سے اداس کن دن قرار دیا جانے والا بلیو منڈے کیا ہے؟اگر آپ کو علم نہ ہو تو جان لیں کہ ہر سال جنوری کے تیسرے پیر کو بلیو منڈے کہا جاتا ہے، یعنی سال کا وہ دن جو سب سے زیادہ اداس کن ہوتا ہے۔اس سال یہ دن 19 جنوری کو تھا۔
مگر یہ کسی طبی ماہر یا ذہنی صحت سے متعلق ادارے کی متعارف کردہ اصطلاح نہیں۔ایسا 2005 میں ایک ٹریول ایجنسی اسکائی ٹریول نے استعمال کیا گیا تاکہ لوگوں کو زیادہ سیاحتی پیکجز فروخت کرسکے۔اب یہ کمپنی تو موجود نہیں مگر ہر سال ٹریول کمپنیوں کی جانب سے اس مارکیٹنگ حکمت عملی کو استعمال کرکے لوگوں کو موسم سرما میں سورج کی روشنی سے لطف اندوز ہونے کے لیے سفری پیکجز کی پیشکش کی جاتی ہے۔
بلیو منڈے کیا ہے؟
2 دہائی قبل برطانیہ سے تعلق رکھنے والی کمپنی اسکائی ٹریول نے ایک یونیورسٹی کے سابق لیکچرار کو کہا کہ وہ بتائے کہ سال کا سب سے اداس دن کونسا ہوتا ہے، تاکہ موسم سرما میں سفری پیکجز کی پیشکش کی جاسکے۔
کلف آرنیل نامی لیکچرار نے ریاضی کی مساوات کے ساتھ ساتھ موسمی ڈیٹا، مباحثوں، کرسمس کے بعد نئے سال کے لیے عہد اور دیگر چیزوں کے ڈیٹا کو اکٹھا کرکے سال کے سب سے اداس کن دن کا تعین کیا۔اس تخمینے میں جنوری کے تیسرے پیر کو اداس کن دن قرار دیا گیا کیونکہ اس وقت کرسمس کی خوشیاں ماند ہو چکی ہوتی ہیں جبکہ نئے سال کے موقع پر خود سے کیے جانے والے عہد ٹوٹ چکے ہوتے ہیں، کریڈٹ کارڈ کے اسٹیٹمنٹ سے علم ہوتا ہے کہ کرسمس اور نئے سال پر کتنا خرچہ ہوا جو کسی بجلی کے جھٹکے سے کم نہیں ہوتا جبکہ موسم بھی اپنا اثر دکھاتا ہے۔
ہر سال بلیو منڈے کے موقع پر سفری کمپنیوں کی جانب سے مارکیٹنگ کرکے ساحلی مقامات یا زیادہ سورج والے مقامات میں بحری جہازوں کے سفر کے پیکجز فروخت کیے جاتے ہیں۔ہر سال جب بلیو منڈے کا دن آنے والا ہوتا ہے مختلف ممالک میں سفری کمپنیوں کی جانب سے مختلف سفری پیکجز پیش کیے جاتے ہیں۔
مگر ذہنی صحت کی بہتری کے لیے کام کرنے والے اداروں نے انتباہ کیا ہے کہ اس تصور کو اپنانا درست نہیں۔
برطانیہ کی مینٹل ہیلتھ فاؤنڈیشن کے مطابق یہ محض افواہ ہے کہ کوئی مخصوص دن سال کا سب سے اداس کن دن ہوتا ہے۔ادارے نے بتایا کہ یہ سالانہ مارکیٹنگ ایونٹ بن چکا ہے اور ایسی کوئی سائنسی تحقیقی رپورٹس موجود نہیں جو بلیو منڈے کے حوالے سے دعوؤں کی تصدیق کرسکیں۔
طبی ماہرین کے مطابق موسم سرما میں طاری ہونے والی اداسی یا عارضی ڈپریشن مختلف ایام میں لوگوں کو متاثر کرتا ہے۔




