gulplaza2

گل پلازہ میں ملبے کے نیچے ممکنہ لاشوں کو نکالنے کیلئے آپریشن جاری ہے: ڈی سی

کراچی:(روزنامہ جرأت) ڈپٹی کمشنر ساؤتھ جاوید نبی کھوسو نے کہا ہےکہ گل پلازہ میں ملبے کے نیچے ممکنہ لاشوں کو نکالنے کے لیے آپریشن جاری ہے۔کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی سی ساؤتھ نے بتایا کہ گل پلازہ میں55 سے 60 افراد جاں بحق ہوئے جن میں سے 48 افراد کا پوسٹ مارٹم ہوچکا جب کہ 86 افراد تاحال لاپتا ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ملبے کے نیچے سے ممکنہ لاشوں کو نکالنے کے لیے آپریشن جاری ہے، مشینری کے ذریعے ملبہ ہٹانے کا کام عارضی طور پر روک دیا گیا، عمارت میں ریسکیو اہلکار دوبارہ داخل ہوئے ہیں، مشینری کے استعمال سے عمارت کے گرنے کا خدشہ ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ پوری عمارت کو ایک بار پھر سرچ کیا جارہا ہے، ملبے کے باعث عمارت کے گرنے والے حصوں میں سرچنگ نہیں کی جاسکتی، ملبہ ہٹنے کے بعد گرنے والے حصے میں سرچنگ کا عمل کیا جائے گا۔
ڈی سی کا کہنا تھاکہ لاشوں اور اہلخانہ کے ڈی این اے سیمپل لیے جارہے ہیں، چند اعضا ایسے ہیں جن کا ڈی این اے مشکل ہے۔ڈپٹی کمشنر جنوبی نے کہا کہ عمارت کے دروازے کیوں بند تھے تحقیقات کررہے ہیں، تحقیقات سے متعلق مختلف لوگوں کے بیانات لیے گئے ہیں، اس کے علاوہ جن عمارتوں میں فائر سیفٹی انتظامات نہیں انہیں نوٹس جاری کررہے ہیں، فائر سیفٹی نہ ہونے پر 6 عمارتوں کو نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں