gulplazaseal

سانحہ گل پلازہ: تکنیکی ٹیم کا آخری دورہ مکمل، عمارت کو سیل کرنے کا عمل جاری

کراچی:(روزنامہ جرأت) ڈپٹی کمشنر جنوبی جاوید نبی کھوسو نے کہا ہے کہ گل پلازہ میں سرچ آپریشن تقریباً مکمل ہوچکا ہے۔ذرائع سے گفتگو میں ڈی سی نے کہا کہ آج ٹیکنیکل ٹیم آخری بار اندر جائے گی اس کے بعد عمارت سیل کردی جائے گی، اب بھی کسی کا پیارا لاپتا ہے تو رابطہ کرسکتا ہے۔ڈی سی کے مطابق 79 لاپتا افراد میں سے 13 کے ورثا نے اب تک ڈی این اے سیمپل نہیں دیے، 30 لاشوں کا ڈیٹا حکومت کو بھیجاجا چکا تاکہ ورثا کو ادائیگی کی جاسکے۔
ڈی سی کا کہنا تھا کہ اب تک 73 لاشیں برآمد ہوئی ہیں جن میں سے 23 لاشوں کی شناخت مکمل ہوچکی اور میتیں لواحقین کے حوالے کردی ہیں، مقررہ وقت میں رابطہ نہ کرنے والوں کو فہرست سے خارج کریں گے۔
دوسری جانب تکنیکی ٹیم نے گل پلازہ کی عمارت کا آخری دورہ کرلیا جس کےبعد عمارت کو سیل کرنے کا عمل شروع کردیا گیا ہے، عمارت کے اطراف لوہے کی شٹرنگ لگانے کا کام جاری ہے۔
علاوہ ازیں ایس ایس پی سٹی عارف عزیز نے بتایا کہ غفلت اور لاپرواہی کے تمام پہلو سامنےلائے جائیں گے ، تحقیقات کی جارہی ہیں کہ آگ لگنے کے بعد بھی دروازے کیوں نہیں کھولےگئے۔
واضح رہے کہ سانحہ گل پلازہ میں جاں بحق 73 افراد میں سے 23 کی شناخت ہوگئی ہے۔کراچی میں گزشتہ ہفتے 17 جنوری کی رات گل پلازہ میں آگ لگی تھی جس نے پوری عمارت کو تباہ کردیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں