nishosahiba

ناراضگی ختم؛ لائیو شو میں نشو بیگم اور صاحبہ کی صلح؛ جذباتی ویڈیو وائرل

(روزنامہ جرأت)سینئر اداکارہ نشو بیگم اور ان کی بیٹی اداکارہ صاحبہ کے درمیان گزشتہ ڈیڑھ سال سے جاری سردمہری بالآخر ختم ہوگئی۔
دونوں ماں بیٹی کے درمیان صلح ایک جذباتی لمحے میں اس وقت ہوئی جب صاحبہ اچانک نشو بیگم کے یوٹیوب لائیو شو میں پہنچ گئیں۔نشو بیگم اپنے یوٹیوب چینل کے لیے باورچی خانے میں کھانا تیار کر رہی تھیں کہ اسی دوران صاحبہ وہاں داخل ہوئیں اور والدہ کو گلے لگا لیا۔
اس موقع پر اداکارہ صاحبہ نے ماں سے بڑے مان کے ساتھ پوچھا کہ “کیا آپ کو میری یاد آتی ہے؟” جس پر ان کی والدہ نشو بیگم آبدیدہ ہوگئیں۔نشو بیگم نے برملہ اظہار کیا کہ کیوں نہیں؟ بھلا ماں بھی کبھی اپنے بچوں کو بھول سکتی ہے اور ان کے بغیر خوش رہ سکتی ہے۔انھوں نے مزید کہا کہ اپنی بیٹی صاحبہ سے ملاقات کے بعد وہ خود کو زندہ، توانا اور جوان محسوس کر رہی ہیں۔
اداکارہ نشو بیگم نے مزید کہا کہ جب سے میرے بچے کراچی منتقل ہوئے ہیں وہ انھیں بہت یاد کرتی ہیں۔لائیو شو کے دوران نشو بیگم نے کہا کہ لوگ اکثر پوچھتے ہیں کہ وہ آج بھی خود کو اتنا متحرک کیوں رکھتی ہیں، ویڈیوز کیوں بناتی ہیں اور ہر وقت تیار کیوں رہتی ہیں۔انھوں نے مزید کہا کہ ان کی اس پھرتی کی وجہ ان کے بچوں کی محبت ہے جو انہیں توانائی فراہم کرتی ہے۔نشو بیگم نے مزید کہا کہ بعض لوگ اپنے والدین کو وقت سے پہلے نظر انداز کر دیتے ہیں مگر میرے بچے ایسے نہیں ہیں۔
اس موقع پر اداکارہ صاحبہ نے کہا کہ لوگ ہر حال میں تنقید کرتے ہیں، اس لیے انسان کو وہی کرنا چاہیے جس سے اسے خوشی ملے اور دل کو سکون ہو۔یاد رہے کہ 2024 میں صاحبہ نے پہلی بار اپنی زندگی میں اپنے حقیقی والد سے ملاقات کی تھی۔اس ملاقات کے بعد میڈیا اور سوشل میڈیا پر یہ خبریں سامنے آئیں کہ نشو بیگم اور صاحبہ کے تعلقات میں کشیدگی پیدا ہوگئی ہے۔بعد ازاں ایک انٹرویو میں نشو بیگم نے انکشاف کیا تھا کہ آٹھ ماہ سے ان کی بیٹی سے ملاقات نہیں ہوئی۔
اس دوران دونوں کے درمیان سردمہری کی خبریں مسلسل گردش کرتی رہی ہیں اور آج ان کا خاتمہ ہوگیا۔
نشو بیگم اور صاحبہ کی اس درمیان صلح پر مداحوں نے خوشی کا اظہار کیا اور سوشل میڈیا پر دونوں کے لیے نیک تمناؤں اور دعاؤں کا نہ تھمنے والا سلسلہ جاری ہوگیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں