cmsohailafridikp

ہمارے بڑوں نے ہمارے ہاتھ کچے دھاگے سے باندھ رکھے ہیں، توڑنے میں زیادہ وقت نہیں لگے گا: سہیل آفریدی

(روزنامہ جرأت)خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ ہمارے بڑوں نے ہمارے ہاتھ کچے دھاگے سے باندھ دیے، توڑنے میں زیادہ وقت نہیں لگے گا۔ صوابی میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے سہیل آفریدی کا کہنا تھاکہ اسٹریٹ موومنٹ سے ان کی نیندیں حرام ہوچکی ہیں۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز پولیٹیکل کمیٹی کا اجلاس تھا، سب میں غصہ پایا جاتا ہے، بانی پی ٹی آئی کی آنکھ کا آپریشن رات کے اندھیرے میں کیا گیا، ان کی صحت سے متعلق خبر ان کے خاندان سے چھپائی گئی۔
ان کا کہنا تھاکہ آپ لوگوں کا وزیراعلیٰ کسی کے سامنے سر نہیں جھکائے گا، پاکستان کی بڑی سیاسی جماعت کو دیوار سے نہ لگایا جائے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہمارے بڑوں نے ہمارے ہاتھ باندھے ہوئے ہیں لیکن آپ کو بھی بتاتا ہوں اور ان کو بھی بتاتا ہوں کہ یہ ہاتھ کچے دھاگے سے بندھے ہوئے ہیں اس کو توڑنے میں ہمیں زیادہ وقت نہیں لگے گا۔
وزیراعلیٰ نے 8 فروری کو مکمل شٹرڈاؤن کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس دن عوام گھروں سے باہر نہیں نکلیں گے اور تمام سرگرمیاں بند رکھی جائیں گی۔
ان کا کہناتھا کہ عوام کا اعتماد ہی ان کی اصل طاقت ہے، اس بار تاریخ بدلیں گے اور عوامی طاقت کو کوئی نہیں روک سکے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں