پشاور : (روزنامہ جرأت)خیبر پختونخوا میں گرلز کالجز میں موسیقی، رقص، ماڈلنگ اور اس نوعیت کی دیگر سرگرمیوں پر پابندی لگا دی گئی۔
ڈائریکٹوریٹ آف ہائر ایجوکیشن نے پشاور سمیت صوبے کےدیگر گرلز کالجز کے پرنسپلز کو تقریبات کے انعقاد سے متعلق خط ارسال کردیا جس میں گرلز کالجز میں ویلکم، فیئر ویل پارٹیز، اسپورٹس گالا اور ثقافتی پروگرامز کے لیے پیشگی اجازت کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔تقریب سے قبل ڈائریکٹر یا ریجنل ڈائریکٹر ہائر ایجوکیشن سے اجازت لینا اور مہمانوں کی فہرست جمع کرانا ضروری ہوگا۔
خط کے مطابق گرلز کالجز میں موسیقی، رقص، ماڈلنگ اور اس نوعیت کی دیگر سرگرمیوں پر مکمل پابندی ہوگی۔ خط میں بتایا گیا ہے کہ کالج اوقات اور تقریبات کے دوران طالبات کے موبائل فون کے استعمال پر سخت پابندی ہوگی۔ تقریبات میں شرکت کے لیے طالبات کو کالج یونیفارم پہننا لازمی ہوگا۔ طالبات کی حفاظت اور باوقار ماحول کو یقینی بنانے کے لیے سخت سیکیورٹی اور نگرانی کے انتظامات ہوں گے۔ تقریبات کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کرنے پر پابندی ہوگی۔ تمام تقریبات کو سماجی اور ثقافتی اقدار کے مطابق منعقد کی جائے،خلاف ورزی پر کارروائی ہوگی۔ خط میں بتایا گیا ہے کہ ایس او پیز پر عمل نہ کرنے والے کالجز کے خلاف سخت تادیبی کارروائی ہوگی۔




