shehbazsharifaddress

بھارت جس زبان میں بات کرے گا اسی میں جواب دیں گے: وزیراعظم

مظفرآباد:(روزنامہ جرأت) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہےکہ فیلڈ مارشل کی قیادت میں بھارت کو ایسی شکست دی کہ ان کی نسلیں بھی بھول نہ پائیں گی لہٰذا بھارت جس زبان میں بات کرے گا اسی میں جواب دیں گے۔یوم یکجہتی کشمیر پر آزاد جموں کشمیر قانون ساز اسمبلی کے خصوصی اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم شہباز شریف نےکہا کہ آج ہم اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کے لیے جمع ہوئے ہیں، پاکستان کی جانب سے اظہار یکجہتی کے لیے یہاں حاضر ہوا ہوں۔انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا اور کشمیری ہر روز نعرہ لگاتے ہیں کہ کشمیر کبھی بھارت کا حصہ تھا اور نہ کبھی ہوگا، کشمیری دنیا کو ہر روز سچائی کا آئینہ دکھا رہے ہیں، کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر میں کوئی بھی حکومت ہو ، میرا فرض ہے آگے بڑھ کر تعاون کروں اور ہمارے تعاون میں کسی قسم کی کمی نہیں آئے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ کشمیریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، میں تحریک آزادی کے شہید کارکنوں کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں، تاریخ گواہ ہے کہ کشمیری اپنے بچوں کو قربان کرسکتے ہیں لیکن اپنی آزادی قربان کرنےکو تیار نہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے دہشتگردی کا سلسلہ جاری ہے مگر بھارت جو فرنٹ کھولے گا اسی محاذ پر کبھی نہ بھولنے والا جواب دیں گے، معرکہ حق میں بھارتی گھمنڈ خاک میں ملا دیا، معرکہ حق میں ذلت آمیز شکست کے بعد بھارت اپنی پراکسیز کے ذریعے دہشتگردی تیز کررہا ہے مگر سفارتی محاذ پر بھی بھارتی بیانیہ دفن ہوگیا ہے، بھارت کے پاس اس کے علاوہ کوئی راستہ نہیں کہ وہ کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دے۔انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل کی قیادت میں بھارت کو ایسی شکست دی کہ ان کی نسلیں بھی بھول نہ پائیں گی، بھارت جس زبان میں بات کرے گا اسی میں جواب دیں گے، معرکہ حق میں پاکستان کی فتح اصل میں کشمیریوں کی بھی فتح ہے، معرکہ حق سے کشمیر کاز پوری دنیا میں دوبارہ پوری قوت سےزندہ ہوا۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہمیں اتحاد اور اتفاق سے دشمن کے عزائم ناکارہ بنانے ہیں، بھارت کے جارحانہ، توسیع پسندانہ عزائم اور ناپاک سازشیں ترک کرنے تک خطے میں امن ممکن نہیں، ہم امن چاہتےہیں لیکن امن برابری اور انصاف کی بنیاد پر قائم ہوسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ فلسطین اور کشمیر پر اصولی موقف پر قائم ہیں، پاکستان نے غزہ میں امن قائم کرنے کے لیے اصولی اقدام کیے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں